پو لیس کے جوان وطن کی خاطر شہید ہوئے ،انہیں سلا م پیش کرتے ہیں‘مولانا عبد الخبیر آزاد

سانحہ چیرنگ کراس مال روڈمیں پولیس افسران اور جوانوں کی شہادت پر دکھ ضرور ہے ،مگر انہوں نے پولیس کا سر فخر سے بلند کردیا سی سی پی او، لاہور امین وینس سے مولانا سیدعبد الخبیر آزاد کی قیادت میں علما ء و مذہبی راہنماؤں کی ملاقات اور تعزیتی پیغام

ہفتہ 18 فروری 2017 18:55

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 18 فروری2017ء) چیئرمین مجلس علماء پاکستان مولانا سید عبد الخبیر آزاد کی قیادت میں علماء او ر مذہبی راہنماؤں جن میں حافظ کاظم رضا نقوی ،مولانا حسین احمد اعوان،علامہ نعیم بادشاہ ،مولاناشکیل الرحمن ناصر ،مولانا مفتی سیف اللہ خالد ،مولانامجیب الرحمن انقلابی، صاحبزادہ سید عبد البصیر آزاد اور میڈیا کوارڈینیٹر سید عبد الکبیر آزاد ودیگر نے سی سی پی او لاہور امین وینس سے ملاقات کی اور سانحہ چیئرنگ کراس مال روڈ میں پویس افسران اور جوانوں کی شہادت پر اظہار تعزیت کیا۔

خطیب بادشاہی مسجد مولانا سید عبدالخبیر آزاد نے اس موقع پر سی سی پی او سے بات کرتے ہوئے کہا کہ ہمیں سانحہ چیئرنگ کراس میں پویس افسران اور جوانوں کی شہادت پر دکھ ضرور ہے مگر انہوں نے پولیس کا سر فخر سے بلند کردیا ۔

(جاری ہے)

پولیس کے افسران اور جوانوں نے دوران ڈیوٹی اپنے فرائض سرانجام دیتے ہوئے اپنی جانیں قربان کیں اور جام شہادت نوش کیا ۔انہوںنے کہا کہ پولیس کے جوان وطن کی خاطر شہید ہوئے ،ہم انہیں سلام پیش کرتے ہیں، آج پوری پاکستانی قوم آپ کے غم اور دکھ میں برابر کی شریک ہے ۔

اس موقع پر علماء اور دیگر مذہبی راہنماؤں نے بھی سی سی پی او،امین وینس سے پولیس جوانوں کی شہادت پر گہرے دکھ کا اظہار کیااور تعزیت کی،مولانا سید عبدالخبیر آزاد نے سانحہ چیرنگ کراس اور دیگر جگاہوں سیہون شریف ،پشاور، کوئٹہ واقعات میں تمام شہداء کے ایصال ثواب کیلئے فاتحہ پڑھی اور ان کی بلندی درجات کیلئے دعا ء کی ،اوراس بات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ہم ان تمام دہشت گردی کے واقعات اور بزدلانہ کاروائیاں جو کہ لاہور، کوئٹہ، اور پشاور،سہیون شریف میں ہوئے ،ان کی پر زور مذمت کرتے ہیں اوردہشت گردوں کے خلاف ہم سب متحد ہیں اور اکٹھے ہیں ، انشاء اللہ پولیس کی وطن کی خاطر قربانیاں رائیگاں نہیں جائیں گی انہیں ہمیشہ یاد رکھا جائے گا، ہم وطن کی حفاظت کرنا جانتے ہیں ،اور کسی بھی قسم کی قربانی سے دریغ نہیں کریں گے۔

سی سی پی او لاہور امین وینس نے بھی علماء کا شکریہ ادا کیا اور اس بات پر زور دیا کہ علماء اور مذہبی راہنما عوام الناس میں اویرنس پیدا کریں اور باقاعدہ اپنے جمعہ کے خطبات میں بھی عوام الناس میں اس بات کو پھیلائیں کہ وہ اپنے ارد گرد ماحول پر کڑی نظر رکھیں اور کسی کو بغیر چھان بین کے مکان کرایہ پر نہ دیںاور اپنے ہمسایوں کی بھی دیکھ بھال کریں اس سے ایک تو ان کی مشکلات کا پتہ چلے گا اور دوسرا اگر کوئی مشکوک لوگ رہ رہے ہوں گے تو ان کے بارے میں بھی آگاہی ہوگی،اور یوں ہم سب کسی ناگہانی مصیبت سے اور دہشت گردوں سے محفوظ رہ سکتے ہیں ۔

انہوںنے کہاکہ اللہ تعالیٰ ہمارے اس ملک پر سے ان دہشت گردوں کا منحوس سایہ دفع فرمائے اورملک دشمنوں سے وطن عزیز کو پاک فرمائے اور ان کو نیست ونا بود و ذلیل ورسوا فرمائے اوران کا خاتمہ فرمائے۔

متعلقہ عنوان :