فاٹا گرینڈ یوتھ الائنس نے ایف سی آر کے خاتمے اور فاٹا کے انضمام بارے ریفرنڈم کرنے کا مطالبہ کردیا

قبائل کو بغیر مشاورت خیبر پختونخوا میں شامل کرنے کا خواب کبھی شرمندہ تعبیر نہیں ہوگا،فاٹا گرینڈ یوتھ الائنس کے رہنمائوں کاپریس کانفرنس

ہفتہ 18 فروری 2017 19:01

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 18 فروری2017ء) فاٹا گرینڈ یوتھ الائنس نے ایف سی آر کے خاتمے اور فاٹا کے انضمام کے حوالے سے ریفرنڈم کرنے کا مطالبہ کیا ہے ۔ گزشتہ روز پشاور پریس کلب میں مرکزی چیف آرگنائزر جعفر آدم خیل ‘ مرکزی چیئرمین شاکر آدم خیل ‘ مرکزی صدر راحت آفریدی ‘ مرکزی جنرل سیکرٹری عادل جمال نے مشترکہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ فاٹا گرینڈ یوتھ الائنس کا منشور ایف سی آر کا دفاع نہیں بلکہ ایف سی آر کے خلاف جہاد کرنا ہے ہم ان تمام مخالفین کو کھلا چیلنج دیتے ہیں کہ جب اور جہاں وہ چاہے ہم مناظرے کیلئے تیار ہیں فاٹا گرینڈ یوتھ الائنس ایف سی آر کا فوری خاتمہ اور آئی ڈی پیز کی واپسی یقینی بنا کر فاٹا میں ترقیاتی کاموں کو ترجیحی بنیادوں پر شروع کرنے کا مطالبہ کرتے ہیں ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ فاٹا گرینڈ یوتھ الائنس وفاقی حکومت سے عملی کام کی ڈیمانڈ کر کے خیبر پختونخوا میں انضمام نا منظور ٹہرا کر ریفرنڈم کے ذریعے تمام قبائل کی رائے لینے کی اپیل کرتے ہیں اور چند ایم این ایز اور سیاسی پارٹیوں کی بجائے قبائل کے ساتھ وسیع تر مشاورت کی اپیل کرتے ہیں ۔ فاٹا گرینڈ یوتھ الائنس مولانا فضل الرحمان اور محمود اچکزئی کے انتہائی مشکور ہیں جنہوں نے مصیبت کے وقت ہمارا ساتھ دیا اور امن کانفرنس کا انعقاد کر کے قبائلیوں کو رائے دینے کی حق کی بات کی اور محمود اچکزئی کا بھی شکریہ ادا کرتے ہیں جنہوں نے اسلام آباد میں قبائلی بزرگوں اور نو جوانوںاور ہر مکتب فکر سے لوگوں کو مدعو کر کے قبائل کے ساتھ یکجہتی کا مظاہرہ کیا اور ہر فورم پر ساتھ دینے کا وعدہ کیا اور اس کے علاوہ فاٹا گرینڈ یوتھ الائنس کنونشن سنٹر اسلام آباد میں سیاسی بصیرت رکھنے والے بعض لیڈروں کے رویئے پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے متنبہ کرتے ہیں کہ قبائل کو بغیر مشاورت خیبر پختونخوا میں شامل کرنے کا انکا خواب کبھی بھی شرمندہ تعبیر نہیں ہوگا ۔

متعلقہ عنوان :