دہشتگردووں کے مذموم عزائم کو ناکام بنانے کیلئے پوری قوم متحد ہے، دشمن ہمیں مایوسی اور ناامیدی کی دلدل میں دھکیلنا چاہتے ہیں،قوم ایسی کئی آزمائشوں میں پہلے بھی سرخرو ہو چکی ہے اور اب بھی سرخرو ہو گی

سابق صدر محمد رفیق تارڑ ، صوبائی وزیر رانا مشہود،مئیر لاہور کرنل(ر)مبشر جاوید ودیگر کانظریہٴ پاکستان کانفرنس سے خطاب

ہفتہ 18 فروری 2017 19:26

لاہور۔18 فروری(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 18 فروری2017ء) دہشتگردووں کے مذموم عزائم کو ناکام بنانے کیلئے پوری قوم متحد ہے، دشمن ہمیں مایوسی اور ناامیدی کی دلدل میں دھکیلنا چاہتے ہیں، وہ نہیں جانتے کہ یہ قوم ایسی کئی آزمائشوں میں پہلے بھی سرخرو ہو چکی ہے اور اب بھی سرخرو ہو گی۔ان خیالات کااظہارسابق صدر و چیئرمین نظریہٴ پاکستان ٹرسٹ محمد رفیق تارڑ نے ایوان کارکنان تحریک پاکستان لاہور میں نویںسالانہ سہ روزہ نظریہٴ پاکستان کانفرنس سے خطاب میں کیا۔

اس موقع پرصوبائی وزیر تعلیم رانا مشہود احمد خاں اور میئر لاہور کرنل(ر)مبشر جاوید بھی موجودتھے۔ محمد رفیق تارڑ نے کہا کہ دہشت گردی کے واقعات سے دراصل دشمن ہمارے عزم کو متزلزل کرنا چاہتے ہیں لیکن ایسا کرنے میں وہ کبھی کامیاب نہ ہو سکیں گے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ ملک ترقی کی طرف رواں دواں ہے،سی پیک منصوبے کی تکمیل سے بیرونی دنیا سے لوگ یہاں ملازمتوں کیلئے آئیں گے۔

ایک وقت آئے گا کہ دنیا پاکستان سے پوچھ کر چلا کرے گی۔صوبائی وزیر تعلیم رانا مشہود احمد خان نے کہا کہ اس وقت پوری قوم دہشت گردی کا سامنا کر رہی ہے اور دشمن کے سامنے سیسہ پلائی دیوار بنی ہوئی ہے۔ انہوں نے کہا آج بلوچستان بھی ترقی کی طرف گامزن ہے۔ پنجاب میں ترقی و خوشحالی کے بہت سے منصوبے زیر تکمیل ہیں۔ دہشت گردی کی حالیہ لہر دشمن کی بوکھلاہٹ کا ثبوت ہے اور سی پیک کامنصوبہ دشمنوں کی آنکھوں میں کھٹک رہا ہے۔

اس منصوبہ کی اہمیت کو دیکھتے ہوئے دنیا کے متعدد ممالک اس میں شامل ہونا چاہتے ہیں۔ ہم اقوام متحدہ میں اس بات کا ثبوت دے چکے ہیں کہ بھارت افغانستان کے ذریعے پاکستان میں حالات خراب کروا رہا ہے۔میئر لاہور کرنل(ر) مبشرجاویدنے کہا کہ پاکستان کا شیدائی ہوں آج ہم جو کچھ بھی ہیں پاکستان کی بدولت ہیں، قیام پاکستان سے قبل مسلمانوں کی حالت انتہائی پسماندہ تھی، اکابرین تحریک پاکستان ہمارے محسن ہیں کیونکہ انہی کی بدولت ہم آج آزاد فضائوں میں سانس لے رہے ہیں۔

ملک میں جمہوریت کا تسلسل جاری رہتا تو ہمیں آج ایسے حالات درپیش نہ ہوتے۔ وائس چیئرمین نظریہٴ پاکستان ٹرسٹ پروفیسر ڈاکٹر رفیق احمد نے کہاکہ ماضی میں مسلمانوں نے دنیا کی ہر شعبے میں رہنمائی کا فریضہ انجام دیا ہے۔ تحریک پاکستان کے ممتاز کارکن جسٹس(ر) میاں آفتاب فرخ نے کہا کہ قائداعظمؒ ہندو ذہنیت کو قریب سے دیکھ کر یہ حقیقت سمجھ چکے تھے کہ یہ دو قومیں اکٹھی نہیں رہ سکتیں۔

سجادہ نشین آستانہ عالیہ شرقپور شریف صاحبزادہ میاںولید احمد جواد شرقپوری نے کہا کہ نظریہٴ پاکستان ٹرسٹ اس خطے میں اسلام اور پاکستان کا قلعہ ہے۔کانفرنس کی آٹھویں نشست میں ملک بھر سے آئے ہوئے نظریہٴ پاکستان فورمز کے عہدیدران نے اظہار خیال کیا۔نظریہٴ پاکستان کانفرنس میں منعقدہ 9نشستوں میں 1525مندوبین نے شرکت کی۔مقررین نے دہشتگردی کی حالیہ کارروائیوں میں پولیس اہلکاروں کی قربانیوں اور دیگر افراد کو زبردست خراج عقیدت پیش کیا اور ان کی ارواح کے ایصال ثواب کیلئے فاتحہ خوانی بھی کی گئی۔