صدر مملکت ممنون حسین سے گورنر سندھ محمد زبیر کی ملاقات

دہشت گردوں کو کسی صورت معاف نہیں کیا جائے گا، معصوم انسانی جانوں سے کھیلنے والوں کو کیفرکردار تک پہنچایا جائے گا صدر مملکت ممنون حسین کی گورنر سندھ سے گفتگو

ہفتہ 18 فروری 2017 19:38

صدر مملکت ممنون حسین سے گورنر سندھ محمد زبیر کی ملاقات
کراچی ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 18 فروری2017ء) صدر مملکت ممنون حسین سے گورنر سندھ محمد زبیر نے ہفتہ کو اسٹیٹ گیسٹ ہائوس میں ملاقات کی۔ جاری کردہ اعلامیہ کے مطابق ملاقات کے دوران سانحہ سیہون کے تناظر میں صوبہ کے پبلک مقامات کی سیکورٹی کو سخت کرنے کے اقدامات کا جائزہ لیا گیا۔ صدر مملکت نے اس موقع پر کہا کہ دہشت گردوں کو کسی صورت میں معاف نہیں کیا جائے گا۔

انہوں نے کہا کہ معصوم انسانی جانوں سے کھیلنے والے دہشت گردوں کو کیفرکردار تک پہنچایا جائے گا۔ ملاقات کے دوران باہمی دلچسپی کے دیگر امور صوبہ کے ترقیاتی منصوبوں اور سرمایہ کاری کے لئے سازگار ماحول کو یقینی بنانے پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔ ملاقات میں چین پاکستان اقتصادی راہداری منصوبے میں کراچی سرکلر ریلوے اور صوبہ کے دیگر منصوبوں کی شمولیت پر بھی بات چیت کی گئی۔

(جاری ہے)

صدر مملکت نے اس موقع پر کہا کہ وفاقی حکومت کے تعاون سے شروع ترقیاتی منصوبوں بشمول گرین لائن اور کراچی حیدرآباد موٹر وے (M9) کی تکمیل سے شہریوں کو آمدورفت کی بہترین سہولت فراہم ہوگی۔ صدر مملکت نے کہا کہ وفاقی حکومت ملک کے تمام علاقوں کی یکساں ترقی کے وژن کے تحت کام کر رہی ہے۔ گورنر سندھ نے اس موقع پر کہا کہ وفاقی حکومت کی مثبت پالیسیوںکے باعث ملک ترقی و خوشحالی کے نئے دور میں داخل ہوچکا ہے اور صوبہ سندھ بھی اس کے ثمرات سے مستفید ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ کراچی سرکلر ریلوے کی سی پیک میں شمولیت سے نہ صرف اس کی جلد اور معیاری تکمیل میں مدد ملے گی بلکہ شہریوں کو آمدورفت کی جدید اور متبادل سہولیت بھی فراہم ہوںگی۔