کراچی، عدالت نے ایم کیو ایم کے رہنما سلیم شہزاد کی درخواست ضمانت پر فیصلہ11 مارچ تک محفوظ کرلیا

ہفتہ 18 فروری 2017 20:37

کراچی، عدالت نے ایم کیو ایم کے رہنما سلیم شہزاد کی درخواست ضمانت پر ..
کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 18 فروری2017ء) انسداد دہشت گردی کی خصوصی عدالت نے ایم کیو ایم کے رہنما سلیم شہزاد کی درخواست ضمانت پر فیصلہ11 مارچ تک محفوظ کرلیا ہے جبکہ میئر کراچی کی بیرون ملک جانے کی درخواست پر 24 مارچ کیلئے نوٹسز جاری کردیئے ہیں ۔ہفتہ کو کراچی کی انسداد دہشت گردی کی خصوصی عدالت میں دہشت گردوں کو علاج کی سہولیات فراہم کرنے سے متعلق کیس کی سماعت ہوئی ۔

عدالت میں ایم کیو ایم کے رہنما سلیم شہزاد ،رئوف صدیقی، انیس قائم خانی ،قادر پٹیل اور عثمان معظم پیش ہوئے۔ ملزمان کے وکلا نے اپنی اپنی درخواستیں جمع کرائیں۔ عدالت میں سلیم شہزاد کے وکیل کا کہنا تھا کہ میرے موکل کینسر کے مرض میں مبتلا ہیں۔ جیل میں انہیں سہولیات میسر نہیں عدالت سے استدعا ہے کہ طبی بنیادوں پر ضمانت منظور کی جائے ۔

(جاری ہے)

دوسری جانب کراچی کے میئر وسیم اختر کے وکیل نے بھی بیرون ملک جانے کی درخواست جمع کرائی درخواست میں بتایا گیا کہ وہ کسی کاروباری سلسلے میں بیرون ملک جانا چاہتے ہیں۔ عدالت میں کیس کے مرکزی ملزم ڈاکٹر عاصم حسین کے وکلا نے بھی استدعا کی کہ ڈاکٹر عاصم احتساب عدالت میں پیش ہونے کے باعث عدالت نہیں آسکے ۔ عدالت نے سلیم شہزاد کی درخواست ضمانت پر 11 مارچ تک فیصلہ محفوظ کرلیا جبکہ میر کراچی وسیم اختر کی بیرون ملک جانے سے متعلق 24فروری تک نوٹسز جاری کرتے ہوئے کیس کی مزید سماعت11 مارچ تک ملتوی کردی ہے۔

سماعت کے بعد میڈیا سے میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے سلیم شہزاد نے کہا کہ میرے ساتھ عام قیدیوں کی طرح سلوک کیا گیا ۔مجھے نہیں پتہ کہ موبائل کی گاڑی سے کس طرح اترنا ہے ۔انہوں نے کہا کہ عدالتوں پر اعتماد ہے جلد ضمانت حاصل کر لوںگا۔