سنسنی خیزی پھیلانے کی وجہ سے نیوز چینلز کی ریٹنگ تیزی سے گر رہی ہے ،مستقبل میں یہ سلسلہ مزید تیز ہونے کا خدشہ ہے ، ٹی وی چینلز نے ذمہ داری کا مظاہرہ نہ کیا اور سنسنی خیزی سے اجتناب نہ کیا تو ان کا مستقبل مخدوش ہے ،پاکستانی میڈیا کی بہتری کیلئے پیمرا‘ پارلیمنٹ سول سوسائٹی‘ میڈیا مالکان اور صحافتی تنظیموں کو مل کر کام کرنا ہو گا

پیمرا کے چیئرمین ابصار عالم کافیصل آباد یونین آف جرنلسٹس کی تقریب حلف برداری سے خطاب

ہفتہ 18 فروری 2017 20:50

سنسنی خیزی پھیلانے کی وجہ سے نیوز چینلز کی ریٹنگ تیزی سے گر رہی ہے ،مستقبل ..
فیصل آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 18 فروری2017ء) پاکستان الیکٹرانک میڈیا ریگولیٹری اتھارٹی (پیمرا)کے چیئرمین ابصار عالم نے کہا ہے کہ سنسنی خیزی پھیلانے کی وجہ سے پاکستانی نیوز چینلز کی ریٹنگ تیزی سے گر رہی ہے مستقبل میں یہ سلسلہ مزید تیز ہونے کا خدشہ ہے ، پاکستانی ٹی وی چینلز نے ذمہ داری کا مظاہرہ نہ کیا اور سنسنی خیزی سے اجتناب نہ کیا تو پاکستانی نیوز چینلز کا مستقبل مخدوش ہے ،پاکستانی میڈیا کی بہتری کیلئے پیمرا‘ پارلیمنٹ سول سوسائٹی‘ میڈیا مالکان اور صحافتی تنظیموں کو مل کر کام کرنا ہو گا۔

صحافتی تنظیموں پر بھاری ذمہ داری عائد ہوتی ہے ۔ وہ ورکنگ جرنلسٹس کے حقوق کیلئے کام کرنے کے علاوہ میڈیا کی بہتری اور اسے سوسائٹی کی ضروریات کے مطابق بنانے کیلئے کردار ادا کرنا ہو گا۔

(جاری ہے)

وہ گزشتہ روز فیصل آباد یونین آف جرنلسٹس کی تقریب حلف برداری سے خطاب کر رہے تھے ۔ان کا کہنا تھا کہ میڈیا سے قوانین پر عمل درآمد اور ضابطہ اخلاق کی پابندی کروانے کیلئے پیمرا کردار ادا کر رہا ہے اور آئندہ بھی بھرپور طریقے سے ادا کریگا ۔

پاکستانی سوسائٹی میڈیا سے متنفر ہوتی جا رہی ہے اور یہ سلسلہ روکنے کیلئے صحافی برادری کو اپنا کردار ادا کرنا ہوگا۔بریکنگ نیوز کلچر‘ لائیو کوریج اور میڈیا کی لفاظی کو بہتر رکھنے کیلئے میڈیا کو ذمہ داری کا مظاہرہ کرنا ہو گا اس کے بغیر آزادی صحافت کی حاصل کردہ منزل کو چھن جانے سے روکنا ممکن نہیں ہو گا۔ ان کا کہنا تھا کہ ان کا تعلق صحافی برادری سے ہے اور صحافی کے حوالے سے پہچانا جانا میری پہلی ترجیح ہے۔

ورکنگ جرنلسٹس کے مسائل کو حل کروانے کیلئے پیمرا اپنے قوانین کی حدود میں رہتے ہوئے جو کردار ادا کرسکا وہ کریگا۔صحافت سے تعلق نہ رکھنے والے لوگوں کے میڈیا میں گھس آنے کی وجہ سے پاکستانی صحافت بدنام ہو رہی ہے اس کی نیک نامی کیلئے صحافتی برادری کو ہی کردار ادا کرنا ہو گا۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے پاکستان فیڈرل یونین آف جرنلسٹس کے سابق سیکرٹری جنرل شمس الاسلام ناز نے کہا کہ ٹی وی چینلز کے بیوروز کی فروخت پاکستانی صحافت کا المیہ ہے‘اس کی روک تھام کیلئے پیمرا اپنا کردار ادا کرے۔

دہشت گردی پاکستان کیلئے ناسور بن چکی ہے میڈیا کے اداروں میں چھپے بیٹھے انتہا پسندوں کے مددگاروںکیخلاف بھی کارروائی ہونی چاہئے۔ میڈیا مالکان اور صحافیوں کو خود احتسابی کرنا ہو گی جو حالات ملک کے چل رہے ہیں اور میڈیا نے اپنا قبلہ درست نہ کیا تو عوام میڈیا کے خلاف خانہ جنگی شروع کردے گی۔پیمرا‘پارلیمنٹ اور حکومت پاکستانی میڈیا کے ورکرز کے حالات کار بہتر بنانے کیلئے اپنا کردار ادا کریں۔

پاکستان فیڈرل یونین آف جرنلسٹس کی ایڈہاک کمیٹی کے ممبر حامد یٰسین نے کہا کہ پیمرا کو الیکٹرانک میڈیا کے ورکرزکا سروس سٹرکچر تشکیل دینے اور ملازمت کا تحفظ دلانے کیلئے اپنی ذمہ داری ادا کرنا ہو گی۔فیصل آباد یونین آف جرنلسٹس کے صدر ندیم جاوید نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ایف یو جے اپنے تمام ممبران کی گروپ انشورنس کروانے جا رہی ہے اس پر ہم نے کام شروع کر دیا ہے ۔

فیصل آباد میں صحافی کالونی منظور کروانے کیلئے بھی ہم وفاقی اور صوبائی حکومت سے رابطے میں ہیں ۔صحافی کالونی کیلئے شہر کے قریب ترجگہ مختص کروانے کی کوشش کی جارہی ہے ۔ اس پر کام شروع ہے اور بہت جلد ہم فیصل آباد کے صحافیوں کو صحافی کالونی کے حوالے سے خوشخبری سنائیں گے۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وائس چانسلر زرعی یونیورسٹی فیصل آباد پروفیسر ڈاکٹر اقرار احمد خاں نے کہا کہ میڈیا کا ملکی ترقی میں انتہائی اہم کردار ہے میڈیا سے وابستہ لوگوں کو معاشرتی اقدار اور اخلاقی ضابطوں کا خیال رکھنا چاہئے تاکہ معاشرے میں بگاڑ کی صورتحال پیدا نہ ہو۔

جی سی یونیورسٹی فیصل آبادکے ماس کمیونیکیشن ڈیپارٹمنٹ کی چیئرپرسن ڈاکٹر سلمیٰ امبر نے کہا کہ فیصل آباد کا ملکی میڈیا میں کردار انتہائی اہمیت کا حامل رہا ہے فیصل آباد کے صحافی ملکی سطح پر اپنا کردار بھرپور طریقے سے ادا کرتے رہے ہیں ۔ میڈیا سٹڈیز ڈیپارٹمنٹ کی چیئر پرسن کی حیثیت سے میری کوشش رہتی ہے کہ وہاں سے فارغ التحصیل ہونے والے میڈیا کے طلبہ کو میڈیا کے کردار کیساتھ اخلاقی و قانونی پہلوؤں سے بھی بھرپور آگاہی دی جائے۔

متعلقہ عنوان :