جماعت الاحرارکی افغانستان میں موجودگی پاکستان کے خلاف بڑی سازش ہے ، پرویز مشرف

پاکستان میں دہشت گردی کروانے میں بھارت، افغانستان حکومت اور انٹیلی جنس ایجنسیاں ملوث ہیں ، کالعدم تنظیموں کے خلاف پنجاب میں کاروائی کیوں نہیں ہورہی ، بھارت کشمیر کے متعلق اقوام متحدہ کی قراردادوں کو روند رہا ہے ، آپریشن ضرب عضب میں کوئی کمی نہیں رہی ، اس آپریشن نے دہشتگردوں کی کمر توڑ دی سابق صدر جنرل(ر) پرویز مشرف کا ٹی وی انٹرویو

ہفتہ 18 فروری 2017 22:10

دبئی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 18 فروری2017ء) آل پاکستان مسلم لیگ کے سربراہ اورسابق صدر جنرل(ر) پرویز مشرف نے جماعت الاحرارکی افغانستان میں موجودگی کو پاکستان کے خلاف بڑی سازش قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان میں دہشت گردی کروانے میں بھارت، افغانستان حکومت اور انٹیلی جنس ایجنسیاں ملوث ہیں ، کالعدم تنظیموں کے خلاف پنجاب میں کاروائی کیوں نہیں ہورہی ، بھارت کشمیر کے متعلق اقوام متحدہ کی قراردادوں کو روند رہا ہے ، آپریشن ضرب عضب میں کوئی کمی نہیں رہی ، اس آپریشن نے دہشتگردوں کی کمر توڑ دی ۔

وہ ہفتہ کو نجی ٹی وی کو انٹرویو دے رہے تھے ۔انہوں نے کہا کہ دہشت گردوں کے خلاف آپریشن ضرب عضب میں کوئی کمی نہیں رہی ، آپریشن ضرب عضب نے دہشتگردوں کی کمرتوڑ دی مگر کالعدم تنظیموں کو پنجاب میں محفوظ پناہ گاہیں دی گئیں ، حکومت سے پوچھا جائے کہ کالعدم تنظیموں کے خلاف پنجاب میں کاروائی کیوں نہیں ہوئی پرویز مشرف نے کہا کہ پاکستان کے خلاف سازش میں بھارت 200فیصد ملوث ہے ، بدقسمتی سے افغان حکومت اور انٹیلی جنس بھارت کے ساتھ ملوث ہیں ، پاکستان میں مقبوضہ کشمیر کے لئے آواز اٹھانے والوں کو دبایا جارہا ہے ۔

(جاری ہے)

سابق صدر نے کہاکہ میرے دور میں کشمیر سے متعلق جامع پالیسی بنائی گئی تھی ، ہم نے بھارت کو کشمیر پر مذاکرات کیلئے مجبور کردیا تھا اور ہم مسئلہ کشمیر کے حل کی طرف بڑھ رہے تھے پھر ہماری حکومت بدل دی گئی ورنہ ہم کشمیر کا مسئلہ حل کر لیتے ۔انہوں نے کہا کہ بھارت کشمیر پر اقوام متحدہ کی قراردادوں کو روند رہا ہے ، میرے دور میں چین ، امریکہ اور افغانستان ہماری فیور میں تھے ،2008کے بعد سے پاکستان میں گورننس بہت بری چل رہی ہے جس وجہ سے بھارت کا خطے میں اثر ورسوخ زیادہ بڑھ گیا ہے ۔

پرویز مشرف نے کہا کہ پی ایس ایل کا فائنل رکوانے کیلئے بھارت نے دھماکا کروایا ، بھارت ہمیں دنیا سے علیحدہ کرنے کی سازش کر رہا ہے ، بھارت نان ملٹری وے میں پاکستان کو تباہ کرنے کی منصوبہ بندی کررہا ہے ۔انہوں نے کہا کہ اگر ہم سوشل اور اکنامک سیکٹر میں مضبوط ہوتے تو کوئی ہمارا کچھ نیہں کرسکتا مگر یہاں کرپٹ حکومت کی جارہی ہے جو پاکستان کی اندر سے تباہی کا باعث بن رہی ہے ۔

پرویز مشرف نے کہا کہ ہمیں پنجاب سمیت ہر صوبے میں دہشت گردوں کے خلاف آپریشنز کرنے کی ضرورت ہے جس کے لئے کسی قسم کا پریشر نہ لیا جائے بلکہ آپریشن کیا جائے ۔انہوں نے کہا کہ گورننس میں بہتری لانے کی ضرورت ہے ، ہمارے دور میں ملک میں گورننس اور تعلیم کی صورتحال بہت اچھی تھی ، ہم نے ڈیم بھی بنائے اور کالا باغ ڈیم بنانے کا سوچ رہے تھے ، مجھے دس سال مزید حکومت کرنے دی جائے تو سب کچھ ٹھیک کردوں گا ، پانامہ کیس کے متعلق سوال کے جواب میں پرویز مشرف نے کہا کہ اس کیس کی وجہ سے ہمارے حکومتی سربراہان کی پوری دنیا میں رسوائی ہوئی ہے ، یہ کسی کو منہ دکھانے کے قابل بھی نہیں رہے اور عوامی سطح پر بھی حکمرانوں کی رسوائی ہوئی ہے ، یہ کیس پاکستان کے مستقبل کیلئے بہت ضروری ہے اس کا فیصلہ سامنے آئے ۔