داعش کی مصر میں عیسائیوں پر مزید حملوں کی دھمکی

مصری عیسائی انتہا پسند گروپ کا پسندیدہ ہدف ہیں،داعشی جنگجوکی ویڈیو پیغام میں دھمکی

منگل 21 فروری 2017 12:42

داعش کی مصر میں عیسائیوں پر مزید حملوں کی دھمکی
قاہرہ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 21 فروری2017ء) داعش نے مصر میں ایک مرتبہ پھر عیسائیوں پر مزید حملوں کی دھمکی دی ہے ،میڈیارپورٹس کے مطابق مصر میں داعش سے وابستہ گروپ نے ایک نئی ویڈیو جاری کی ہے اس میں دسمبر میں قاہرہ میں واقع ایک مسیحی چرچ میں بم دھماکا کرنے والا خودکش بمبار نظر آرہا ہے اور وہ ملک کی عیسائی اقلیت پر مزید حملوں کی دھمکی دے رہا ہے۔

اس ویڈیو کا دورانیہ بیس منٹ ہے اور یہ گزشتہ روز منظرعام پر آئی ہے۔اس میں کہا گیا ہے کہ مصری عیسائی انتہا پسند گروپ کا پسندیدہ ہدف ہیں۔

(جاری ہے)

اس ویڈیو میں خود کش بمبار ابو عبداللہ المصری نمودار ہورہا ہے۔اس نے دسمبر میں قاہرہ کے ایک گرجاگھر میں دھماکا کرکے کم سے کم تیس افراد کو ہلاک کردیا تھا۔ مہلوکین میں زیادہ تر عورتیں تھیں۔اس ویڈیو میں مخاطب شخص یہ کہہ رہا ہے کہ یہ حملہ تو ابھی ایک ابتدا ہے۔

واضح رہے کہ مصر کے قبطی عیسائی ملک کی کل آبادی کا قریبا دس فی صد ہیں۔ان پر مصر کے پہلے منتخب صدر ڈاکٹر محمد مرسی کی جولائی 2013ء میں برطرفی کے بعد سے مسلم انتہا پسندوں کے حملوں میں اضافہ ہوا ہے اور اب تک دارالحکومت قاہرہ کے علاوہ دوسرے بڑے شہر اسکندریہ میں ان پر متعدد حملے ہو چکے ہیں۔