ترقی و خوشحالی کے لئے نئی نسل کو تعلیم کے بہتر مواقع فراہم کرنا ہوں گے، چیئرمین بلدیہ ملیر

منگل 21 فروری 2017 17:16

کراچی ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 21 فروری2017ء) چیئرمین بلدیہ ملیر جان محمد بلوچ نے کہا ہے کہ پاکستان کے استحکام، ترقی اور خوشحالی کیلئے نئی نسل کو تعلیم کے بہتر مواقع فراہم کرنے ہوں گے، تعلیم کا حصول ہر بچے کا بنیادی حق ہے، غریب بچوں کو تعلیم جیسے زیور سے آراستہ کرنے کیلئے سماجی کارکنان بڑھ چڑھ کر حصہ لیں، ملیر یوتھ الائنس اور سوشل ویلفیر آرگنائزیشن کی جانب سے ڈسٹرکٹ ملیر میں تعلیم کیلئے کاوشوں کو قدر کی نگاہ سے دیکھتا ہوں۔

منگل کو جاری کردہ اعلامیہ کے مطابق ان خیالات کا اظہار انہوں نے ملیر یوتھ الائنس اور سوشل ویلفیر آرگنائزیش کے وفد سے ملاقات کرتے ہوئے کیا۔ ملاقات میں سوشل ویلفیئر کمیٹی کی چیئرپرسن زیب النساء، صدر ڈسٹرکٹ ملیر سوشل ویلفیئر آرگنائزیشن ظفر حماد، جنرل سیکرٹری منور حسین، ملیر یوتھ الائنس کوآرڈنیٹر تحسین بلوچ، وومن الائنس کوآرڈنیٹر نسرین حسین شریک تھے۔

(جاری ہے)

وفد نے چیئرمین بلدیہ ملیر جان محمد بلوچ سے اپیل کی کہ ڈسٹرکٹ ملیر میں تعلیم میں اصلاحات کے حوالے سے ہماری رہنمائی کی جائے تاکہ غریب طبقے سے تعلق رکھنے والے تمام بچے تعلیم حاصل کر سکیں۔ چیئرمین جان محمد بلوچ نے وفد کو اپنے ہر ممکن تعاون کی یقین دہانی کرواتے ہوئے کہا کہ بلدیہ ملیر میں تعلیم کے حوالے سے تمام وسائل بروئے کار لا رہے ہیں، سماجی کارکنان اور عوام کی جانب سے سفارشات کو مدنظر رکھتے ہوئے تعلیم میں ہر ممکنہ اصلاحات کی جا رہی ہیں تاکہ ضلع ملیر کا ہر بچہ تعلیم حاصل کر سکے اور ریاست کی ذمہ داری پوری ہو سکے۔

متعلقہ عنوان :