پاک فوج کے سربراہ کا لائن آف کنٹرول پر متے والا اور مناور سیکٹر کا دورہ

لائن آف کنٹرول پر بھارتی اشتعال انگیزی کا بھرپور جواب دیا جائے،جنرل قمر جاوید باجوہ کی ہدایت

منگل 21 فروری 2017 20:22

پاک فوج کے سربراہ کا لائن آف کنٹرول پر متے والا اور مناور سیکٹر کا ..
راولپنڈی ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 21 فروری2017ء) پاک فوج کے سربراہ جنرل قمر جاوید باجوہ نے ہدایت دی ہے کہ لائن آف کنٹرول پر بھارتی اشتعال انگیزی کا بھرپور جواب دیا جائے ۔پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کے مطابق منگل کو آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے لائن آف کنٹرول پر متے والا اور مناور سیکٹر کا دورہ کیا جہاں پر آرمی چیف کو جی او سی کی جانب سے آپریشنل صورتحال پر بریفنگ دی گئی۔

آرمی چیف نے فوج کی پیشہ وارانہ تیاری کو سراہا۔

(جاری ہے)

آرمی چیف نے کہا کہ ایل او سی پر کشیدگی دہشتگردی کیخلاف ہماری کوششوں کے اثرات کو زائل کرنے کی کوشش ہے۔ بھارت کی اشتعال انگیزی کا موثر انداز میں جواب دیا جائے۔ بھارت کی طرف سے پاکستان اور خطے میں دہشتگردی کی حمایت سے بھی باخبر ہیں۔ انہوں نے کہا کہ کلبھوشن یادیو کی گرفتاری بھارتی دہشتگردی کی کوششوں کا ثبوت ہے اور اس معاملے کو منطقی انجام تک پہنچایا جائے گا۔

انہوں نے کہا کہ پاک فوج پاکستانی اور آزاد کشمیر کے عوام کا بھارتی جارحیت سے تحفظ کرے گی جبکہ حق خود ارادیت کیلئے کوشاں مقبوضہ کشمیر کے عوام سے اظہار یکجہتی جاری رکھیں گے۔ اس سے پہلے کور کمانڈر راولپنڈی لیفٹننٹ جنرل ندیم رضا نے آرمی چیف کا کنٹرول لائن پر استقبال کیا۔