جنگلات پاکستان کا قیمتی اثاثہ ہیں ، عالمی بنچ مارک کے مطابق ملک میں جنگلات کے تحفظ اور اضافہ کو یقینی بنانا ضروری ہے

صدر مملکت ممنون حسین کا ایوان صدر میں سالانہ موسم بہار کی شجرکاری مہم کے آغاز پر تقریب سے خطاب

منگل 21 فروری 2017 21:45

جنگلات پاکستان کا قیمتی اثاثہ ہیں ، عالمی بنچ مارک کے مطابق ملک میں ..
اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 21 فروری2017ء) صدر مملکت ممنون حسین نے کہا ہے کہ جنگلات پاکستان کا قیمتی اثاثہ ہیں اور عالمی بنچ مارک کے مطابق ملک میں جنگلات کے تحفظ اور کے اضافہ کو یقینی بنانا ضروری ہے۔ انہوں نے یہ بات منگل کو یہاں ایوان صدر میں سالانہ موسم بہار کی شجرکاری مہم کے آغاز پر ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔

صدر نے کہا کہ جنگلات ماحولیاتی تبدیلی کے منفی اثرات کے خاتمہ میں اہم کردار ادا کرتے ہیں، جنگلات قومی معاشی استحکام کے فروغ اور ماحولیاتی انحطاط کو کم از کم کرنے کیلئے بھی اہم ہے۔ انہوں نے کہا کہ شجرکاری کی اہمیت کا اندازہ اس بات سے لگایا جا سکتا ہے کہ ہمارا مذہب جنگ کے دوران بھی درختوں اور جنگلات کو نقصان پہنچانے سے منع کرتا ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ وفاقی اور صوبائی حکومتیں نہ صرف جنگلات کی کٹائی کی روک تھام کیلئے کوششیں کر رہی ہیں بلکہ شجرکاری میں بھی اضافہ کر رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ غربت، بڑھتی ہوئی آبادی اور لکڑی کی قیمتوں میں اضافہ اس سلسلہ میں بڑی رکاوٹیں ہیں۔ انہوں نے شجرکاری میں اضافہ کیلئے غیر روایتی اقدامات اختیار کرنے پر زور دیا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان عالمی یوم جنگلات منا رہا ہے جو جنگلات کے تحفظ کیلئے ہمارے عزم کا عکاس ہے۔

صدر نے ریلوے لائنوں، نہروں اور شاہرات کے اطراف پودے لگانے کے ساتھ ملک میں جنگلات میں مزید اضافہ اور ان کے تحفظ کیلئے مؤثر سٹرٹیجی تیار کرنے پر زور دیا۔ شجرکاری کی اہمیت اجاگر کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ جنگلات بارشوں، سیلابوں اور سیم و تھور کے نقصانات سے بھی زرخیز زمینوں کے بچائو کا سب سے بڑا ذریعہ ہیں۔

متعلقہ عنوان :