وزارت انفارمیشن ٹیکنالوجی کا نجی موبائل فون کمپنی جاز موبائل کے اشتراک سے پنجاب، سندھ اور کے پی کے میں 2 کروڑ 30 لاکھ روپے کی لاگت سے جدید ٹیلی سنٹر قائم کرنے کا اعلان،جہاں بھی سو افراد پر مشتمل آبادی ہو گی وہاں انٹرنیٹ کی سہولت اور موبائل فون رابطہ قائم کر دیا جائے گا،وزیر مملکت انفارمیشن ٹیکنالوجی انوشہ رحمان خان

منگل 21 فروری 2017 22:32

وزارت انفارمیشن ٹیکنالوجی کا نجی موبائل فون کمپنی جاز موبائل کے اشتراک ..
اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 21 فروری2017ء) وزارت انفارمیشن ٹیکنالوجی نے نجی موبائل فون کمپنی جاز موبائل کے اشتراک سے پنجاب، سندھ اور کے پی کے میں 2 کروڑ 30 لاکھ روپے کی لاگت سے جدید ٹیلی سنٹر قائم کرنے کا اعلان کر دیا۔ معاہدہ پر جاز موبائل اور یونیورسل سروسز فنڈز کے حکام نے منگل کو دستخط کئے۔ وزیر وزیر مملکت انفارمیشن ٹیکنالوجی انوشہ رحمن خان نے اس موقع پر کہا کہ حکومت نے ملک کے دور دراز علاقہ جات میں تھری جی انٹرنیٹ سروس فراہم کرنے کا عزم کر رکھا ہے جہاں ایک سو نفوس پر مشتمل آبادی ہو گی وہاں انٹرنیٹ کی سہولت اور موبائل فون رابطہ قائم کر دیا جائے گا۔

انہوں نے کہا کہ اس سلسلہ میں جاز موبائل کے ساتھ مل کر وفاقی حکومت پنجاب اور کے پی کے کے 10 اضلاع میں جدید ٹیلی سنٹر قائم کر رہی ہے۔

(جاری ہے)

یہ ٹیلی سنٹر سرگودہا، اوکاڑہ، بورے والا، عارف والا، شیخوپورہ، فضل پورہ اور کے پی کے کے اضلاع مینگور، مردان، خیرپور اور کے این شاہ میں قائم کئے جائیں گے تاکہ ان علاقوں کے دیہی عوام کو جدید انٹرنیٹ اور موبائل فون سہولیات فراہم ہو سکیں۔

انوشہ رحمن نے کہا کہ وزارت آئی ٹی وزیراعظم نواز شریف کے وژن کے مطابق ملک بھر میں جدید ٹیکنالوجی سے آراستہ ٹیلی کام سہولیات فراہم کرنے پر خصوصی توجہ دے رہی ہے اس کے ساتھ ساتھ دیہی علاقہ جات کو ملک کے دیگر حصوں کے مساوی سہولیات کی فراہمی پر خصوصی توجہ دی جا رہی ہے۔ جاز موبائل کے چیف ایگزیکٹو آفیسر عامر ابراہیم نے معاہدہ کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ وزارت کے اشتراک سے ملک میں ڈیجیٹلائزیشن کیلئے منصوبوں پر کام کرنا ہمارے لئے باعث مسرت ہے۔

انہوں نے کہا کہ ہم ایک ہزار افراد کی زندگی کو بدلنے کی طرف پیشرفت کر رہے ہیں جو بیرون ملک اپنے پیاروں سے موبائل فون کے ذریعے رابطوں کی سہولت حاصل کریں گے۔ قبل ازیں ٹیلی سنٹروں کے قیام کیلئے معاہدہ پر یونیورسل سروسز فنڈز کے چیف ایگزیکٹو آفیسر حارث چوہدری اور جاز کے سی ای او عامر ابراہیم نے دستخط کئے۔ اس موقع پر سیکرٹری آئی ٹی رضوان بشیر خان جاز اور وزارت آئی ٹی کے اعلیٰ حکام بھی موجود تھے۔