کراچی،انسداد دہشت گردی کی عدالت نے 7 ملزمان کو جسمانی ریمانڈ کی درخواست مسترد کرتے ہوئے جیل بھیج دیا

منگل 21 فروری 2017 22:37

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 21 فروری2017ء) انسداد دہشت گردی کی عدالت نے اورنگی ٹائون سے احتجاج کرنے کے الزام میں گرفتار 7 ملزمان کو جسمانی ریمانڈ کی درخواست مسترد کرتے ہوئے جیل بھیج دیا۔اورنگی ٹائون میں ڈکیتیوں کے خلاف مظاہرین کی پولیس سے مڈ بھیڑ کے بعد سرچ آپریشن کے دوران گرفتار کیے گئے 7 مبینہ ملزمان کو پولیس نے انسداد دہشت گردی کی عدالت میں پیش کردیا۔

پولیس کے وکیل نے عدالت سے ملزمان کے جسمانی ریمانڈ کی استدعا کرتے ہوئے موقف اختیار کیا کہ ملزمان نے جلاؤ گھیراؤ، پولیس پر حملے، آتش گیرمواد رکھنے سمیت دہشت گردی کے الزامات ہیں اس لیے مذید تفتیش کے لیے ملزمان کو جسمانی ریمانڈ پر پولیس کے حوالے کیا جائے۔پولیس کی جانب عدالت میں جمع کرائی گئی رپورٹ کے مطابق جلائو گھیرائو اور ہنگامہ آرائی کرنے کے الزام میں 9 ملزمان کو تحویل میں لیا گیا تھا جن میں سے دو ملزمان کو غلط فہمی کی بناء پرگرفتار کیا گیا تھا اس لیے انہیں رہا کردیا ہے اور بقیہ 7 ملزمان کے جسمانی ریمانڈ کی استدعا ہے۔

(جاری ہے)

جس پر انسداد دہشت گردی کی عدالت نے پولیس کی درخواست کو مسترد کرتے ہوئے ساتوں ملزمان کو 6 مارچ تک کے لیے جیل بھیج دیا ہے اور اب دوبارہ سماعت 6 مارچ ہو گی۔واضح رہے کہ دو روز قبل اورنگی ٹائون کے علاقے اسلام چوک پر بڑھتی ہوئی دہشت گردی کے واقعات کے خلاف اور پولیس کی نا اہلی پر احتجاج کیا گیا تھا جس پر پولیس نے نہ صرف مظاہرین پر شیلنگ اور لاٹھی چارج کیا بلکہ براہ راست فائرنگ کی جس کے نتیجے میں ایک شخص جان بحق اور متعدد زخمی ہو گئے تھی

متعلقہ عنوان :