پاکستان میں ہمارے دشمن نے انسانی خون کی ہولی کھیلنے کا شیطانی منصوبہ بنایا ہواہے،اس منصوبے کو ناکام بنانے کیلئے ساری قوم ، تمام سیاسی و دینی جماعتوں اور حکومتی اداروں کو یک جان و یک زبان ہو نا ہوگا

نائب امیر جماعت اسلامی پاکستان حافظ محمد ادریس کا پاکستان تربیتی ورکشاپ سے خطاب

منگل 21 فروری 2017 22:42

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 21 فروری2017ء) نائب امیر جماعت اسلامی پاکستان حافظ محمد ادریس نے کہا ہے کہ آج پاکستان میں ہمارے دشمن نے انسانی خون کی ہولی کھیلنے کا جو شیطانی منصوبہ بنایا ہواہے اس کے ذریعے بے گناہ انسانوں کو بموں سے اڑایا جارہاہے ، اس شیطانی منصوبے کو ناکام بنانے کے لیے ساری قوم ، تمام سیاسی و دینی جماعتیں اور سب حکومتی ادارے تمام اختلافات کو فراموش کر کے یک جان و یک زبان ہو کر دن رات کا م کریں تو دشمن ناکام و نامراد ہو جائے گا ۔

منگل کو منصورہ میں اس ماہ کی تیسری کل پاکستان تربیتی ورکشاپ سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہاکہ جماعت اسلامی کا موقف بالکل واضح ہے کہ مسلمان ہی نہیں غیر مسلموں کی جان مال اور عزت و آبرو محترم و محرم ہے ۔

(جاری ہے)

اس کی خلاف ورزی کرنے والا اللہ کے عذاب اور قوم کے غضب کا مستحق ہے ۔ انہوں نے کہاکہ مسلمان ہر اس حکم کا پابند ہوتاہے جو قرآن و سنت میں دیا گیاہے ۔

دہشتگردی کا خاتمہ کرنے کے لیے مجرموں کے گرد گھیرا تنگ کیا جائے مگر بے گناہ لوگوں کو ناروا ہراساں کرنا یا قتل کرنا بھی غیر اسلامی اور ظالمانہ عمل ہے ۔انہوں نے کہاکہ اللہ کے ساتھ کسی کو شریک ٹھہرانا ، کسی شخص کاناحق خون گرانا اور بدکاری تین کبیرہ گناہ ہیں ۔ اللہ تعالیٰ نے قرآن پاک میں ان گناہوں کا ارتکاب کرنے والوں کو دائمی جہنم اور ذلت ناک عذاب کا سزاوار قرار دیاہے ۔ ایک کلمہ گو ان جرائم سے اپنا دامن بچائے رکھتا ہے ۔

متعلقہ عنوان :