دھرنوں اور ردی کے ٹکڑوں پر فیصلے نہیں ہوتے ،الزامات کے ثبوت پیش کرنا ہوں گے،مائزہ حمید

بدھ 22 فروری 2017 13:41

دھرنوں اور ردی کے ٹکڑوں پر فیصلے نہیں ہوتے ،الزامات کے ثبوت پیش کرنا ..
اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 22 فروری2017ء) مسلم لیگ (ن) کی رہنما مائزہ حمید نے کہا ہے کہ عمران خان نیب اور ایف بی آر کے سامنے دھرنا دینا چاہتے ہیں ، دھرنوں، کاغذ اور ردی کے ٹکڑوں پر فیصلے نہیں ہوتے ،الزامات کے ثبوت پیش کرنا ہوں گے،نواز شریف عوام کے وزیر اعظم ہیں اور یہ عوام کا کیس ہے۔ سپریم کورٹ کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انھوں نے کہا کہ وزیر اعظم محمد نواز شریف تاریخ کے واحد وزیراعظم ہیں جنھوں نے اپنے آپ اور اپنی تین نسلوں کو احتساب کے لیے پیش کر دیا ہے۔

وزیر اعظم نے خود کو عدالت میں پیش کیا ہے کیوںکہ ان کا دامن صاف ہے اور الزامات وہ لگا رہے ہیں جن کا دامن دغدار ہے۔ مائزہ حمید نے کہا کہ عمران خان الزام لگا رہے ہیں تو انہیں ثبوت پیش کرنا ہوں گے۔

(جاری ہے)

انھوں نے کہا کہ عمران خان اداروں پر دبائو ڈالنے کی کوشش کر رہے ہیں اب وہ نیب اور ایف بی آر کے سامنے دھرنا دینا چاہتے ہیں، دھرنوں ،کاغذ اور ردی کے ٹکڑوں پر مرضی کا فیصلہ نہیں ملے گا۔ مسلم لیگ (ن) کی رہنما نے عمران خان کے ایک بیان کا جواب دیتے ہوئے کہا کہ سپریم کورٹ کے باہر اراکین اسمبلی وزیر اعظم کے کیس کا دفاع نہیں کر رہے ہم سیاسی کارکن ہیں ، وزیر اعظم محمد نواز شریف عوام کے وزیر اعظم ہیں اور یہ کیس عوام کا کیس ہے، ہم انشاء اللہ یہ کیس جیت کر جائیں گے۔