وزیراعظم فاروق حیدرکا کامیاب دورہ بھمبر ہمارے مخالفین کوہضم نہیں ہورہا‘بھمبرمیں 15 سالوں سے کسی بھی وزیراعظم نے تفصیلی دورہ نہیں کیا‘ بھمبر میں انڈسٹریل زون کے قیام اور سوئی گیس کی فراہمی باعث بھمبرکے عوام کی تقدیربدل جائے گی

سابق ممبرقانون ساز اسمبلی وکشمیرکونسل راجہ مقصود احمد خان کا لیگی کارکنوں سے خطاب

بدھ 22 فروری 2017 15:09

میرپور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 22 فروری2017ء) سابق ممبرقانون ساز اسمبلی وکشمیرکونسل راجہ مقصود احمد خان نے کہا ہے کہ وزیراعظم آزادکشمیرراجہ محمدفاروق حیدرخان کا چار روزہ کامیاب دورہ بھمبر ہمارے مخالفین کوہضم نہیں ہورہا۔ ضلع بھمبرمیں گذشتہ 15 سالوں سے کسی بھی وزیراعظم نے تفصیلی دورہ نہیں کیا۔ بھمبر میں انڈسٹریل زون کے قیام اور سوئی گیس کی فراہمی کے باعث بھمبرکے عوام کی تقدیربدل جائے گی۔

بھمبرپاکستان کابڑاصنعتی وتجارتی مرکز بنے گا۔ بے روزگاری کاخاتمہ ہوگا ۔ پڑھے لکھے نوجوانوں کوروزگار کے مواقع ملیں گے ۔ مسلم لیگ ن کی حکومت وزیراعظم راجہ محمدفاروق حیدرخان کی سربراہی میں تحریک آزادی کشمیر کے ساتھ ساتھ خطہ میں گڈگورننس اور میرٹ کے قیام کے لیے انقلابی اقدامات اٹھارہی ہے۔

(جاری ہے)

مسلم لیگ ن کے کارکنان کی عزت نفس کاہرممکن خیال رکھاجائے گا ۔

ان خیالات کااظہارانھوں نے ن لیگی کارکنان سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انھوں نے کہاکہ وزیراعظم آزادکشمیر راجہ محمد فاروق حیدرخان کاحالیہ دورہ ضلع بھمبرنہایت ہی کامیاب رہاہے۔ اس دورہ کے دوران انھوں نے گذشتہ 25 سالوں سے بھمبرکے عوام میں پائی جانے والی بے چینیوں اورمحرومیوں کاازالہ کرنے کے لیے نئی حکمت عملی تیار کی ہے۔ بھمبرمیں تعمیروترقی کے نئے دورکاآغاز ہوگا جس سے ضلع بھمبرکے عوام کی تقدیربدل جائے گی۔

بھمبرمیں انڈسٹریل زون کے قیام سے نہ صرف اہلیان بھمبربلکہ آزادکشمیر بھرمیں معاشی واقتصادی ترقی کی نئی راہیں کھلیں گی۔ فیکٹریاں لگیں گی اور روزگار کے ذرائع پیداہونگے۔ سوئی گیس کے آنے سے لوگوں کومذیدسہولیات ومراعات حاصل ہونگی۔ انھوں نے کہاکہ مسلم لیگ ن کی حکومت بلاتخصیص تعمیروترقی کے میگاپراجیکٹس مکمل کرکے عوام کی معاشی واقتصادی حالت بہتربنائے گی۔