وزیراعظم نوازشریف کی 3روزہ دورے پر ترکی پہنچ گئے،ترک وزیر کھیل نے ایئرپورٹ پر استقبال کیا

نوازشریف (آج ) پاک ترک اعلیٰ سطح تذویراتی تعاون کونسل کے اجلاس میں شرکت کریں گے

بدھ 22 فروری 2017 19:03

انقرہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 22 فروری2017ء) وزیراعظم محمد نوازشریف ترکی کے تین روزہ سرکاری دورے پر انقرہ پہنچ گئے،ترکی کے وزیر کھیل نے ہوائی اڈے پر وزیراعظم نوازشریف کا پر تپاک استقبال کیا،وزیرپٹرولیم شاہد خاقان عباسی،وزیرتجارت خرم دستگیر اور معاون خصوصی طارق فاطمی بھی وزیراعظم نوازشریف کے ہمراہ ہیں۔بدھ کووزیراعظم محمد نوازشریف ترکی تین روزہ دورے پر انقرہ پہنچ گئے،ترکی کے وزیر کھیل نے ہوائی اڈے پر وزیراعظم نوازشریف کا استقبال کیا،وزیرپٹرولیم شاہد خاقان عباسی،وزیرتجارت خرم دستگیر اور معاون خصوصی طارق فاطمی بھی وزیراعظم نوازشریف کے ہمراہ ہیں،وزیراعظم پاک ترک اعلیٰ سطح تذویراتی تعاون کونسل کے اجلاس میں شرکت کریں گے،اعلیٰ سطح تذویراتی تعاون کونسل کا پانچواں اجلاس جمعرات(آج) کو انقرہ میں ہوگا۔

(جاری ہے)

وزیراعظم محمد نوازشریف اور ترک وزیراعظم بن علی یلدرم اجلاس کی مشترکہ صدارت کریں گے،وزیراعظم ترک صدر رجب طیب اردوان سے ملاقات کریں گے۔ترک صدر سے دوطرفہ تعلقات،علاقائی اور عالمی امور پر بات چیت ہوگی،پاک ترک اعلیٰ سطح تذویراتی تعاون کونسل 2009 میں قائم ہوا،تذویراتی تعاون کونسل کے تحت 6مشترکہ ورکنگ گروپ کام کر رہے ہیں،مشترکہ ورکنگ گروپ تجارت،توانائی بینکنگ اور مالیات کے شعبوں میں قائم ہیں،مواصلات،ریلویز،تعلیم،صحت اور سیاحت کے شعبوں میں ورکنگ گروپس کام کر رہے ہیں۔…(خ م)