پاکستان اور ایران کا دہشتگردوں اور سمگلرز کی سرگرمیوں کی روک تھام کیلئے سرحدپر سیکیورٹی انتظامات مزید مضبوط بنانے پر اتفاق

سیکیورٹی کمیشن کا اجلاس جلد ہوگا ، مشیر خارجہ سرتاج عزیز اور ایرانی وزیر دفاع و وزیر خارجہ کے درمیان ملاقات میں گفتگو، بارڈر پر دو مزید کراسنگ پوائنٹس کے حوالے سے پیش رفت کا جائزہ

بدھ 22 فروری 2017 23:32

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 22 فروری2017ء) پاکستان اور ایران نے دہشت گردوں اور سمگلروں کی سرگرمیوں کی روک تھام کے لئے پاک ایران سرحد پر سیکیورٹی انتظامات کو مزید مضبوط بنانے پر اتفاق کیاہے اور کہاہے کہ سیکیورٹی کمیشن کا اجلاس جلد ہوگا ۔بدھ کو دفتر خارجہ کی جانب سے جاری کئے گئے اعلامیہ کے مطابق مشیر خارجہ سرتاج عزیز نے ایران کے وزیر دفاع حسین دہقان سے ملاقات کی ۔

ان کے ہمراہ سیکرٹری دفاع لیفٹیننٹ جنرل (ر) ضمیرالحسن شاہ تھے۔

(جاری ہے)

دونوں ر ہنمائوں نے پاک ایران سیکیورٹی انتظامات کو مزید مضبوط بنانے کیلئے تبادلہ خیال کرتے ہوئے اس امر پر اتفاق کیا کہ دونوں ملکوں کا سیکیورٹی کمیشن کا اجلاس جلد منعقد ہوگا تاکہ دہشت گردوں اور سمگلروں کی سرگرمیوں کی روک تھام کی جا سکے ۔ ملاقات میں بارڈر پر دو مزید کراسنگ پوائنٹس کے حوالے سے پیش رفت کا جائزہ لیا گیا ۔ قیام کے دوران مشیر خارجہ سرتاج عزیز ایران کے وزیر خارجہ جواد ظریف سے بھی ملاقات کی اور افغانستان کی صورتحال سمیت علاقائی اور عالمی مسائل پر گفتگو کی ۔ ایران کے وزیر خارجہ نے ان کی قیادت پر عشائیہ دیا ۔ (وخ+ن م)