وفاقی وزارت داخلہ نے کرنسی سمگلنگ کیس کی ملزمہ ماڈل ایان علی کا نام ای سی ایل سے نکال دیا

فیصلہ وزارت داخلہ کے ایڈیشنل سیکرٹری کی سربراہی میں قائم ای سی ایل کمیٹی نے کیا ، حتمی منظوری وزیرداخلہ چوہدری نثار نے دی

بدھ 22 فروری 2017 22:50

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 22 فروری2017ء) وفاقی وزارت داخلہ نے کرنسی سمگلنگ کیس میں ملوث ماڈل ایان علی کا نام ای سی ایل سے نکال دیا ،سپر ماڈل کا نام ای سی ایل سے نہ نکالنے کے معاملے پر سپریم کورٹ نے وزارت داخلہ کی درخواست مسترد کردی تھی ۔ ذرائع کے مطابق وزارت داخلہ نے بدھ کو ماڈل ایان علی کا نام ای سی ایل سے نکالا ہے ۔

(جاری ہے)

ماڈل کا نام ایگزٹ کنٹرول لسٹ سے نکالنے کا فیصلہ وزارت داخلہ کے ایڈیشنل سیکرٹری کی سربراہی میں قائم ای سی ایل کمیٹی نے کیا ہے تاہم اس کی حتمی منظوری وزیرداخلہ چوہدری نثار علی خان نے دی ۔اب ماڈل ایان علی بیرون ملک جا سکے گی ۔ واضح رہے کہ ماڈل ایان علی کا نام تین بار ای سی ایل میں ڈالا گیا ۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ اگر ماڈل کے خلاف کسی صوبے کی طرف سے کرنسی سمگلنگ یا کسٹم انسپکٹر کے قتل سے متعلق مزید تفتیش کی کوئی درخواست آئی تو ایک بار پھر ماڈل کا نام ای سی ایل میں ڈالے جانے کا امکان ہے ۔ (آچ)