اداکارنعمان اعجاز کی 12 سال بعد سلور اسکرین پر واپسی

فلم ’’میدان‘‘ میں نعمان اعجاز کے ساتھ گوہر رشید اور غانا علی اہم کرداروں میں نظر آئیں گے ْنعمان اعجاز اس سال کا آغاز فلم کے ساتھ کریں گے‘فلم کی شوٹنگ کا جلد آغاز کر دیا جائے گا

جمعرات 23 فروری 2017 11:45

اداکارنعمان اعجاز کی 12 سال بعد سلور اسکرین پر واپسی
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 23 فروری2017ء) پاکستان کے نامور اداکار نعمان اعجاز بہت جلد فلم ’’میدان‘‘ کے ساتھ سلور اسکرین پر واپس آ رہے ہیں۔نعمان اعجاز کا نام پاکستانی ٹیلی ویژن انڈسٹری کے ساتھ 90ء کی دہائی سے جڑا ہوا ہے، ان کے گزشتہ سال کے ڈرامے ’’سنگ مر مر‘‘ اور ’’دم پخت‘‘ نے مداحوں کا خوب دل جیتنے کے ساتھ اچھا بزنس بھی کیا۔

نعمان اعجاز اس سال کا آغاز فلم کے ساتھ کریں گے، جو آخر مرتبہ 2008 میں پروڈیوسر مہرین جبار کی فلم ’’رام چاند پاکستانی‘‘ میں کام کرتے نظر آئے تھے۔ان کی آنے والی فلم ’’میدان‘‘ شفلر فلمز کے بینر تلے بنائی جارہی ہے، جسے وقاص رضوی اور اداکار گوہر رشید نے قائم کیا۔اس فلم میں نعمان اعجاز ایسے 12 بچوں کے کوچ کا کردار ادا کریں گے جو سڑکوں پر شاندار فٹ بال کھیل کر برازیل میں ہونے والی اسٹریٹ چائلڈ ورلڈ کپ تک پہنچتے ہیں۔

(جاری ہے)

نعمان اعجاز نے اپنی فلم میدان کے حوالے سے ڈان کو بتایا کہ ایمانداری کی بات کی جائے، تو مجھے میدان فلم کرنے پر اس کے موضوع نے مجبور کیا، یہ ایک ایسی فلم ہے جو کسی وجہ سے بنائی جارہی ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ یہ ایک ایماندارانہ کوشش ہے، اس کے فلم سازوں میں نے بہترین صلاحیتیں دیکھیں، جو چیز سب سے اہم ہوتی ہے وہ نئی سوچ اور ایک معروف اداکار ہے، مجھے اس کا فائنل ڈرافٹ ابھی دیکھنا ہے لیکن میں نے فلم میں کام کرنے کی حامی دے دی ہے۔

فلم ’’میدان‘‘ میں نعمان اعجاز کے ساتھ گوہر رشید اور غانا علی اہم کرداروں میں نظر آئیں گے، اس فلم میں کئی سچے واقعات پر مبنی لمحات کو بھی پیش کیا جائے گا،پاکستان میں سینما کی صورتحال کے سوال پر نعمان اعجاز کا کہنا تھا کہ اس وقت پاکستان میں فلمیں نہیں بن رہیں، ہم صرف ٹی وی ڈراموں پر توجہ دے رہے ہیں، ہم ہر وہ کام کرتے ہیں جو ہندوستان کرتا ہے، اور یہی وجہ ہے کہ مجھے صرف رومانوی کامیڈی فلموں کی آفرز موصول ہورہی ہیں، ہمیں سمجھنا چاہیے کہ ہمیں الگ طرح کی فلمیں بنانی چاہیے، میرے لیے ’شاہ‘ حالیہ سالوں میں ریلیز ہونے والی بہترین پاکستانی فلم تھی۔

اپنی فلم کے اچھے بزنس کے حوالے سے نعمان اعجاز کا کہنا تھا کہ مجھے اس بات سے کوئی فرق نہیں پڑتا کہ فلم باکس آفس پر اچھا کاروبار کرے گی یا نہیں، میں ہیرو نہیں ہوں، میرے لیے سب سے اہم اسکرپٹ اور ذاتی اطمینان سب سے اہم ہے۔فلم’’میدان‘‘ کی شوٹنگ کا جلد آغاز کردیا جائے گا۔

متعلقہ عنوان :