میری خواہش تھی کہ جب تک پاکستان کیلئے کھیلوں میرا ریکارڈ کوئی نہ توڑ سکے،شاہد آفریدی،میرے خیال میں ریکارڈ ہوتے ہی ٹوٹنے کیلئے ہیں ، 2014ء کی پہلی خبر میرے ریکارڈ ٹوٹنے کی ہے ۔ یہ بہت بڑی کامیابی ہے، اینڈرسن تمام تعریفوں کا مستحق ہے ، کرس گیل اور ڈیوڈ وارنر سے خطرہ تھا کہ وہ ریکارڈ توڑینگے مگر اینڈرسن کا نام پہلی بار سنا ہے ،میری ساری توجہ ون ڈے میں4ہزار رنز مکمل کرنے اور 5سو وکٹوں پر ہے،گفتگو

جمعرات 2 جنوری 2014 03:52

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔2جنوری۔2014ء) پاکستان کرکٹ ٹیم کے سٹار آ ل راؤنڈر شاہد آفریدی نے کورے اینڈرسن کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا ہے کہ میری خواہش تھی کہ جب تک پاکستان کیلئے کھیلوں میرا ریکارڈ کوئی نہ توڑ سکے مگر میرے خیال میں ریکارڈ ہوتے ہی ٹوٹنے کیلئے ہیں میری ساری توجہ ون ڈے میں4ہزار رنز مکمل کرنے اور 5سو وکٹوں پر ہے ۔ اپنے ایک انٹرویو میں بوم بوم آفریدی کا کہنا تھا اس سے قبل اینڈرسن کا کبھی نہیں سنا تھا علی الصبح میرے بھتیجے نے مجھے بتایا کہ آپ کا ریکارڈ ٹوٹ گیا ہے اور میں نے کہا کہ 2014ء کی پہلی خبر میرے ریکارڈ ٹوٹنے کی ہے ۔

یہ کہنا چاہوں گا کہ یہ بہت بڑی کامیابی ہے اور اینڈرسن تمام تعریفوں کا مستحق ہے ،36گیندوں پر سنچری بنانے کے لئے بے حد کوشش درکار ہوتی ہے ، ریکارڈ بنتے ہی ٹوٹنے کے لئے ہیں اور میں جانتا ہوں کہ کسی روز یہ ریکارڈ بھی ٹوٹ جائے گا ۔

(جاری ہے)

آفریدی نے اعتراف کیا کہ وہ امید رکھتے تھے کہ جب تک وہ کھیلتے رہیں گے یہ ریکارڈ برقرار رہے گا ، انہوں نے کہاکہ میں چاہتا تھا کہ جب تک میں ریٹائر ہوتا یہ ریکارڈ میرے نام رہے کیونکہ یہ پاکستان اور میرے لئے بہت بڑے اعزاز کی بات تھی اور جب کبھی بھی میرا نام آتا ہے تو ریکارڈ کا ذکر کیا جاتا ہے ، اب اینڈرسن کا نام آئے گا لیکن مجھے یقین ہے کہ ٹی ٹوئنٹی کرکٹ کی وجہ سے یہ ریکارڈ یقیناٰ مستقبل میں بہتر بن جائے گا ۔

انہوں نے کہاکہ وہ ہمیشہ سے توقع رکھتے تھے کہ ویسٹ انڈیز کے کرس گیل یا آسٹریلیا کے ڈیوڈ وارنر ریکارڈ توڑیں ، میں نے کسی نئے کھلاڑی کی جانب سے ریکارڈ توڑنے کی کبھی توقع نہیں کی تھی ، میں سمجھتا تھا کہ جس طرح سے گیل بیٹنگ کرتا ہے اور چھکے مارتا ہے یا وارنر بیٹنگ کرتا ہے وہ میرا ریکارڈ توڑنے کے لئے فیورٹ ہوسکتے ہیں ، میری خواہش ہے کہ پاکستان کا کوئی کھلاڑی جلد اس ریکارڈ کو توڑے لیکن اس وقت ہر کسی کو اینڈرسن کی تعریف کرنی چاہیے ۔آفریدی گزشتہ سال بیٹنگ میں انتہائی بری فارم میں رہے ہیں اور انہیں پاکستان کے ایک روزہ سکواڈ سے دو مرتبہ ڈراپ کیا گیا ۔