حکومت کے ساتھ ملاقات یا کمیٹی کے اجلاس کو فی الحال طلب نہیں کیا گیا، رحیم اللہ یوسفزئی

منگل 25 فروری 2014 07:43

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔25فروری۔2014ء )طالبان سے مذاکرات کے لئے قائم کمیٹی کے رکن رحیم اللہ یوسف زئی نے کہا ہے کہ حکومت کے ساتھ ملاقات یا کمیٹی کے اجلاس کو فی الحال طلب نہیں کیا گیا۔برطانوی نشریاتی ادارے سے گفتگوکرتے ہوئے انھوں نے بتایا کہ طالبان مذاکرات کرنا چاہتے ہیں۔ طالبان کی مذاکراتی کمیٹی کے ساتھ غیر رسمی رابطے ہیں وہ مذاکرات کرنا چاہتے ہیں لیکن ہم کہتے ہیں کہ حالات ٹھیک ہوں گے تو ہی بات آگے بڑھے گی۔

دوسری جانب وزیرِاعظم کے مشیر برائے امورِ خارجہ اور قومی سلامتی سرتاج عزیز نے کہا ہے کہ منگل کو کابینہ کے اجلاس میں طالبان سے مذاکرات پر مشاورت کی جائے گی۔پاکستان کے سرکار ی میڈیاکے مطابق سرتاج عزیز نے یہ بات اسلام آباد میں منعقدہ ایک سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔

(جاری ہے)

انھوں نے کہا کہ مذاکرات کا راستہ ابھی بند نہیں ہوا۔جبکہ حکومتی کمیٹی انتظار میں ہے کہ طالبان سے مذاکرات کا ’گرین سگنل‘ ملے اور بات چیت آگے بڑھے۔

خِیال رہے کہ کابینہ کے 20 جنوری کو ہونے والے اجلاس میں وزیراعظم نے کہا تھا کہ غیر معمولی صورتِ حال میں غیر معمولی اقدامات کرنا ہوں گے۔ تاہم اس اجلاس میں قومی سلامتی پالیسی منظور نہیں ہوئی تھی۔اس اجلاس میں طالبان سے مذاکرات پر بھی بات ہوئی لیکن دہشت گردی کے حملے نہ رکنے کے پیِش نظر 23 جنوری کو قومی سلامتی کمیٹی کا اجلاس طلب کیا گیا تھا۔29 جنوری کو جب پاکستان کے وزیرِاعظم ایوان میں آئے تو بہت سے لوگوں کا خیال تھا کہ وہ آپریشن کا اعلان کر سکتے ہیں لیکن انھوں نے امن کو ایک اور موقع دینے کی خواہش کا اظہار کرتے ہوئے طالبان سے مذاکرات کے لیے مذاکراتی کمیٹی تشکیل دئیے جانے کا اعلان کیا۔

متعلقہ عنوان :