اعتزاز احسن کے وزیر داخلہ کو مفرور کہنے پر شدید ہنگامہ آرائی ، حکومتی اراکین کا احتجاج ، راجہ ظفر الحق کا بیرسٹر اعتزاز احسن سے الفاظ واپس لینے پر اصرار، چیئرمین سینٹ سے الفاظ کارروائی سے حذف کرنے کی درخواست،چیئرمین کی الفاظ پر غورکے بعد فیصلہ کرنے کی یقین دہانی

بدھ 5 مارچ 2014 07:58

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔5مارچ۔ 2014ء)ایوان بالا میں قائد حزب اختلاف اعتزاز احسن کی جانب سے وفاقی وزیر داخلہ چوہدری نثار علی خان کو مفرور کہنے پر شدید ہنگامہ آرائی ہوئی اور حکومتی اراکین نےٰ احتجاج کیا‘ قائد ایوان راجہ ظفر الحق کا بیرسٹر اعتزاز احسن سے الفاظ واپس لینے پر اصرار اور چیئرمین سینٹ سے الفاظ کارروائی سے حذف کرنے کی درخواست،چیئرمین کی الفاظ پر غورکے بعد فیصلہ کرنے کی یقین دہانی۔

منگل کے روز سینیٹ کے اجلاس میں صورتحال اس وقت کشیدگی اختیار کر گئی جب قائد حزب اختلاف اعتزاز احسن نے ایف ایٹ کچہری دہشت گردانہ حملوں کے حوالے سے نکتہ اعتراض پر بات کرتے ہوئے کہا کہ وزیر داخلہ چوہدری نثار علی خان وزیراعظم نواز شریف کی طرح ایوان سے مفرور ہیں۔

(جاری ہے)

اس موقع پر سینیٹر جعفر اقبال اپنی نشست پر کھڑے ہوگئے اور اعتزاز احسن کی تقریر میں مداخلت کرتے ہوئے کہا کہ انہوں نے غلط لفظ استعمال کیا ہے اور ان کو ایسا نہیں کرنا چاہیے انہوں نے چیئرمین سینیٹ سے درخواست کی کہ پارلیمانی اقدار اور وقار کا خیال رکھتے ہوئے لفظ ”مفرور“ کو ایوان کی کارروائی سے حذف کیا جائے جس پر قائد حزب اختلاف نے اس کی پر زور مخالفت کرتے ہوئے کہا کہ مذکورہ لفظ نہ تو غیر اخلاقی ہے نہ ہی غیر پارلیمانی یہ لفظ ”مفر“ سے نکلا ہے جس کا مطلب موقع پر موجود نہ ہونا ہے انہوں نے اصرار کیا کہ لفظ کو کارروائی سے حذف نہیں کرنے دیا جائے گا چوہدری جعفر اقبال کی مداخلت کے حوالے سے انہوں نے کہا کہ اگر ایسے ہوا تو پھر اراکین حزب اختلاف بھی قائد ایوان کی تقریر کے دوران ان کو تنبیہہ کرنے کا حق محفوظ رکھتے ہیں اس موقع پر مداخلت کرتے ہوئے چیئرمین سینٹ سید نیئر حسین بخاری نے کہا کہ وہ اس لفظ پر غور کرکے پھر فیصلہ کریں گے۔

قائد ایوان راجہ ظفر الحق نے کہا کہ ایسے الفاظ کے استعمال سے نہ صرف ایوان کا ماحول خراب ہوگا بلکہ یہ پارلیمانی آداب کے بھی منافی ہیں۔ انہوں نے اصرار کیا کہ بیرسٹر اعتزاز احسن ایک سینیئر پارلیمنٹرین ہیں انکو خود بھی اپنے ان الفاظ کو واپس لے لینا چاہیے اور وہ امید رکھتے ہیں کہ قائد حزب اختلاف ایسا بھی کریں گے تاہم بیرسٹر اعتزاز احسن نے معنی خیر انداز میں مسکراتے ہوئے کہا کہ وہ اس پر غور کریں گے اور اگر وزیر داخلہ کو اعتراض ہو تو الفاظ کو واپس لے لیں گے اس دوران مسلم لیگ ن کے اراکین نے چیئرمین سینٹ سے دوبارہ لفظ کو حذف کرنے کی درخواست کرتے ہوئے شدید احتجاج کیا راجہ ظفر الحق نے واضح کیا کہ سینیٹ کے قواعد و ضوابط کے رول 226 کے تحت اس قسم کے لفظ کو وزیراعظم اور وزیر داخلہ کے لئے استعمال نہیں کیا جاسکتا جس پر چیئرمین سینیٹ نے دوبارہ اصرار کیا وہ کہ اس لفظ پر غور کرکے فیصلہ کریں گے۔

متعلقہ عنوان :