پنجاب یوتھ فیسٹول کے زیر اہتمام انڈوپاک گیمز کے دوسرے روز بھی پاکستانی مرد و خواتین کھلاڑی چھائے رہے، مردوں کے آرم ریسلنگ میں پاکستانی کھلاڑیوں نے روایتی حریف بھارتی پلیئرز کے خلاف کلین سویپ مکمل کیا، 65 کلوگرام کیٹگری میں پاکستان کے ضمیر سلطان نے بھارتی بلراج سنگھ کو 2-0 سے زیر کیا، 75 کلوگرام میں عمادبٹ نے تلکراج مہرا کو 2-0سے زیر کیا،75 کلوگرام سے زائد کیٹگری میں سیف الرحمن سلہریا نے بھارتی دلباغ سنگھ کو نہ صرف 2-0سے ہرایا ، خواتین مقابلوں میں مہمان کھلاڑیوں کو سنسنی خیز مقابلے میں 2-1 سے شکست دی۔60 کلوگرام کیٹگری میں بھارت کی مندیپ کور نے پاکستانی رابعہ خلیل کو ہرا کر اپنی ٹیم کی جانب سے فاتحانہ آغاز کیا

بدھ 5 مارچ 2014 07:53

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔5مارچ۔ 2014ء)پنجاب یوتھ فیسٹول کے زیر اہتمام انڈوپاک گیمز کے دوسرے روز بھی پاکستانی کھلاڑی چھائے رہے، گذشتہ روز ہونے والے آرم ریسلنگ اورباڈی بلڈنگ کے مقابلے اپنے نام کر لئے۔الحمرا کلچرل کمپلیکس میں ہونے والے مردوں کے آرم ریسلنگ میں پاکستانی کھلاڑیوں نے روایتی حریف بھارتی پلیئرز کے خلاف کلین سویپ مکمل کیا۔

میزبان کھلاڑیوں نے مقابلوں میں فاتحانہ آغاز اس وقت کیا جب 65 کلوگرام کیٹگری میں پاکستان کے ضمیر سلطان نے بھارتی بلراج سنگھ کو 2-0 سے زیر کیا، 75 کلوگرام میں پاکستانی کھلاڑی ایک بار پھر بازی لے گئے، اس کیٹگری میں پاکستانی عمادبٹ نے تلکراج مہرا کو 2-0سے زیر کیا۔75 کلوگرام سے زائد کیٹگری میں پاکستان سیف الرحمن سلہریا نے بھارتی دلباغ سنگھ کو نہ صرف 2-0سے ہرایا بلکہ اس مقابلے کے بعد پاکستانی کھلاڑیوں نے بھارتی پلیئرز کے خلاف کامیابیوں کی ہیٹ ٹرک بھی مکمل کی۔

(جاری ہے)

خواتین آرم ریسلنگ مقابلوں میں بھی پاکستانی کھلاڑیوں کا پلڑا بھاری رہا اور انہوں نے مہمان کھلاڑیوں کو سنسنی خیز مقابلے میں 2-1 سے شکست دی۔60 کلوگرام کیٹگری میں بھارت کی مندیپ کور نے پاکستانی رابعہ خلیل کو ہرا کر اپنی ٹیم کی جانب سے فاتحانہ آغاز کیا لیکن بعد میں آنے والی بھارتی پلیئرز کامیابی کے اس تسلسل کو جاری نہ رکھ سکیں۔پاکستان کی طرف سے سعدیہ خلیل نے اپنے ملک کی جانب سے فتح کی بنیاد رکھی، 70 کلوگرام کیٹگری کا یہ مقابلہ پاکستان کی سعدیہ خلیل اور بھارتی جسبیر کور کے درمیان شیڈول تھا جو خاصا دلچسپ رہا، ابتدائی دو راؤنڈ میں دونوں پلیئرز کے درمیان مقابلہ 1-1سے برابر رہا تاہم فائنل اور فیصلہ کن مرحلہ میں سعدیہ خلیل نے کامیابی حاصل کر کے سکور 1-1 کر دیا۔

70 کلوگرام سے زائد کیٹگری میں پاکستان کی طیبہ خانے بھارتی نونیت کور کو 2-0 سے شکست دے کر آرم ریسلنگ خواتین مقابلے پاکستان کے نام کر دیئے۔ادھر باڈی بلڈنگ مقابلوں میں بھی پاکستانی پلیئرز کا پلڑا بھاری رہا۔ الحمرا کلچرل کمپلیکس میں ہونے والے ایونٹ میں روایتی حریفوں کے درمیان تین کیٹگریز کے مقابلے ہوئے جن میں میزبان کھلاڑیوں نے مہمان پلیئرز کو 2-1سے زیر کیا۔

ابتدائی دو کیٹگریز کے مقابلوں میں سکور 1-1تھا تاہم آخری کیٹگری کے مقابلے میں پاکستانی کھلاڑی نے مہمان پلیئر کو زیر کر کے فتح پاکستان کی جھولی میں ڈال دی۔ 65 کلوگرام کیٹگری میں پاکستان کے محمد امجد فاتح قرار پائے جبکہ بھارتی روی کمار دوسرے نمبر پر رہے۔ 74 کلوگرام میں بھارت کے سومراج کی عمدہ پوزنگ اور شاندار تکنیک نے انہیں کامیابی دلائی ، پاکستانی نعمان خان دوسرے نمبر پر رہے۔80 کلوگرام میں پاکستان کے حافظ عمر فاتح رہے جبکہ بھارتی منجیت سنگھ نے دوسری پوزیشن حاصل کی۔

متعلقہ عنوان :