روسی طیاروں کی پروازوں کے بعد ترک ایف 16 کی اڑان،کریمیا میں روسی فوج کی مداخلت کے بعد امریکا کے ساتھ کشیدگی میں اضافہ

جمعرات 6 مارچ 2014 08:05

انقرہ(اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔6مارچ۔2014ء)یوکرین میں جاری بحران پر روس اور مغرب کے درمیان کشیدگی میں اب ترکی بھی کود پڑا ہے اور بحر اسود کے ساحلی علاقے میں ترکی کے سرحد کے نزدیک روس کے طیاروں کی نگران پروازوں کے بعد ترکی کے ایف سولہ جنگی طیاروں نے پروازیں کی ہیں۔ترکی اور روس کے جنگی طیاروں نے سوموار کو پروازیں کی تھیں اور روس کے ملٹری جنرل اسٹاف کی ویب سائٹ کے مطابق روسی طیارے بین الاقوامی فضائی حدود میں پروازیں کرتے رہیں گے۔

(جاری ہے)

یوکرین کا جزیرہ نما علاقہ کریمیا اس وقت بحران کا شکار ملک کی مغرب نواز نئی حکومت اور روس کے درمیان کشیدگی کا سبب بنا ہوا ہے۔ کریمیا بحر اسود کے شمال میں واقع ہے اور معاہدہ شمالی اوقیانوس کی تنظیم نیٹو کا رکن ترکی بحر اسود کے جنوب میں واقع ہے۔کریمیا میں روسی فوج کی آمد کے بعد امریکا اور روس کے درمیان سخت کشیدگی پیدا ہو گئی ہے۔ امریکا نے روس کے ساتھ فوجی مشقیں معطل کر دی ہے اور تجارت سے متعلق بات چیت منقطع کر دی ہے جبکہ امریکا نے روس کو کریمیا میں فوجی مداخلت پر سنگین نتائج پر انتباہ کیا ہے۔ تاہم روسی صدر ولادی میر پوتین نے اس بات سے انکار کیا ہے کہ روسی فوج کریمیا میں موجود ہے۔

متعلقہ عنوان :