لاہور ہائیکورٹ ، این اے 118 میں انگوٹھوں کی شناخت کرکے ووٹوں کی گنتی کیخلاف حکم امتناعی میں 12 مارچ تک توسیع کرتے ہوئے پلڈاٹ ، نادرا سے جواب طلب

جمعہ 7 مارچ 2014 07:50

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔7مارچ۔2014ء)لاہور ہائیکورٹ نے حلقہ این اے 118 میں انگوٹھوں کی شناخت کرکے ووٹوں کی گنتی کیخلاف حکم امتناعی میں 12 مارچ تک توسیع کرتے ہوئے پلڈاٹ ، نادرا سے جواب طلب کرلیا۔فاضل عدالت نے الیکشن ٹربیونل کے فیصلوں کیخلاف درخواستوں کی سماعت کا اختیارہائیکورٹ کو ہے یا نہیں ؟کے بارے میں عدالتی معاون اور فریقین کے وکلاء کو دلائل کیلئے بلالیا۔

جمعرات کے روز مسٹر جسٹس منصور علی شاہ کی سربراہی میں دو رکنی بنچ کی عدالت میں الیکشن ٹربیونل کے فیصلے کیخلاف مسلم لیگ ن کے ایم این اے ملک ریاض کی دائر درخواست کی سماعت ہوئی۔عدالتی معاون شہزاد شوکت ایڈووکیٹ نے بتایا کہ فاضل عدالت کو اس کیس میں تعین کرنا ہے کہ کیا نادرا کو آئین اور قانون کے تحت نادرا کو انگوٹھوں کے نشانات چیک کرکے ووٹوں کی تصدیق کا اختیار ہے یا نہیں ،کیا الیکشن الیکٹرانک ووٹنگ مشین کے ذریعے ہونے چاہئے اور الیکشن کیلئے کیا طریقی کار اختیار کیا جانا چاہئے۔

(جاری ہے)

عدالت کو بتایا گیا کہ سپریم کورٹ نے اپنے فیصلے میں کہا ہے کہ ہائیکورٹ الیکشن ٹربیونل کے فیصلوں کیخلاف درخواستوں کی سماعت نہیں کرسکتی جبکہ لاہور ہائیکورٹ ملتان بنچ کے فیصلے مطابق ہائیکورٹ کو سماعت کا اختیار حاصل ہے جس پر فاضل عدالت ریمارکس دئیے کہ پہلے اس بات کا تعین کرلیا جائے کہ آیا ہائیکورٹ کو اس پٹشن کی سماعت کا اختیار ہے یا نہیں ،فاضل عدالت نے عدالتی معاون اور فریقین کے وکلاء کو دلائل کیلئے طلب کرتے سماعت ملتوی کردی۔

واضح رہے کہ حلقہ این اے 118 سے کامیاب مسلم لیگ ن کے رکن اسمبلی ایم این اے ملک ریاض نے الیکشن ٹربیونل کے نادرا سے انگوٹھوں کی شناخت کے ذریعے ووٹوں کی تصدیق کے فیصلے کیخلاف درخواست دائر کی ہوئی ہے۔اور فاضل عدالت نے اس درخواست پر حکم امتناعی بھی جاری کررکھا ہے۔