پورا پاکستان مشکل میں ہے، طالبان سے جنگ بندی پر یقین نہیں رکھتے،رحمن ملک

جمعہ 7 مارچ 2014 07:51

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔7مارچ۔2014ء) پاکستان پیپلز پارٹی کے مرکزی رہنما اور سابق وفاقی وزیر داخلہ عبدالرحمن ملک نے کہا ہے کہ پورا پاکستان مشکل میں ہے۔ طالبان سے جنگ بندی پر یقین نہیں رکھتے۔ جمعرات کو کراچی ایئرپورٹ پر میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ طالبان کے ترجمان شاہد اللہ شاہد کی کوئی اہمیت نہیں ہے۔ طالبان کی میڈیا کوریج بند کی جائے۔

انہوں نے کہا کہ طالبان کے ساتھ کرکٹ میچ ہوا تو وہ نہیں کھیلیں گے۔ وہ بارہویں کھلاڑی نہیں بننا چاہتے۔ ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ طالبان کی نیت ٹھیک نہیں لگتی۔ طالبان سے مذاکرات ممکن نہیں ہیں۔ انہوں نے کہا کہ جو دہشت گردی کرتا ہے ان سے باتوں کے بجائے ان کے خلاف لاتوں کا استعمال کیا جائے۔

(جاری ہے)

ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ وزیراعظم نے طالبان سے مذاکرات کے حوالے سے اگر حکومتی کمیٹی کو تحلیل کرنے کا فیصلہ کرلیا ہے تو یہ اچھا اقدام ہے۔

ہمیں وزیراعظم کی نیت پر شک نہیں ہے۔ انہوں نے کہا کہ دہشت گردی سے نمٹنے کے لئے تمام اسٹیک ہولڈرز کو مشترکہ پالیسی پر عمل پیرا ہونا ہوگا۔ ایم کیو ایم سے مذاکرات کے حوالے سے سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ پی پی اور ایم کیو ایم لازم وملزوم ہے۔ ایم کیو ایم سے بات چیت جاری رہتی ہے اور عوام کے مسائل کے حل اور ملک کی ترقی کے لئے بات چیت کا سلسلہ جاری رکھا جائے گا۔

متعلقہ عنوان :