اسلام آباد‘ امریکہ اور پاکستان کے منگلا ڈیم کی تزئین اور پیداواری قوت بڑھانے کے منصوبے پر دستخط،معاہدے کی تکمیل سے منگلا ڈیم ہائیڈرالک یونٹ کی پیداواری صلاحیت 90 میگاواٹ تک بڑھ جائے گی

ہفتہ 8 مارچ 2014 02:56

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔8مارچ۔2014ء) امریکہ اور پاکستان نے 72 ملین دالر کی لاگت سے میر پور آزاد کشمیر میں واقعہ منگلا ڈیم کی تزئین اور پیدواری قوت کو بڑھانے کے منصوبے پر دستخط کئے۔ یہ تزئین منگلا ڈیم حامل ہائیڈرالک یونٹ کی پیداواری صلاحیت کو 90 میگاواٹ تک بڑھائے گی اور یہ بجلی دو لاکھ پاکستانی گھرانون کی بجلی کی ضروریات کو پورا کرنے کیلئے کافی ہے۔

اس منصوبے کیلئے 150 ملین دالر کی رقم مختص کی گئی ہے جس میں سے 72 ملین دالر پہلے مرحلے پر خرچ ہوں گے۔ یو ایس ایڈ کے مشن ڈائریکٹر گریگوری گوٹلیب اور واٹر اینڈ پاور ڈویلپمنٹ اتھارٹی (واپڈا) کے چیئرمین سید راغب شاہ نے ایڈوانس انجینئرنگ ایسوسی ایٹس انٹرنیشنل (اے ای اے آئی) کے دفتر می ں اس منصوبے پر دستخط کئے۔

(جاری ہے)

ایڈوانس انجینئرنگ ایسوسی ایٹس انٹرنیشنل (اے ای اے آئی) اس منصوبہ کا اشتراک کار ہے۔

گریگوری گوٹلیب نے کہا کہ منگلا ڈیم کی مرمت ان کاوشوں کو آگے بڑھاتی ہے جن کا آغاز امریکہ نے 1960 ء میں منگلا ڈیم کی تعمیر کیلئے رقم فراہم سے کیا تھا انہوں نے کہا کہ امریکہ کو علم ہے کہ پاکستان کو اس وقت توانائی کے شدید بحران کا سامنا ہے اور ہم اس بحران کے خاتمے کیلئے اپنی طرف سے کوششیں جاری رکھیں گے اس منصوبے کے تحت امریکی ادارہ برائے بین الاقوامی ترقی (یو ایس ایڈ) ڈیم کے پاور ہاؤس میں دو جنریٹرز کی مرمت اور دیگر مشینری کو جدید بنانے کی لئے رقم فراہم کرے گا یہ نئے آلات منگلا دیم کی کارکردگی اور افادیت کو آئندہ چالیس سال تک بڑھائیں گے۔

چیئرمین واپڈا راغب شاہ نے کہا کہ واپڈا نے منگلا ڈیم کی استعداد کار کو 1000 میگاواٹ سے 1310 میگاواٹ تک بڑھانے کی لئے اس پاور ہاؤس کو اپ گریڈیشن شروع کر رکھی ہے انہوں نے کہا کہ یہ منصوبہ وفاقی حکومت کی اس حکمت عملی کا حصہ ہے جس کا مقصد کم آمدن سے بجلی کی پیدوار اور اسے قومی گرڈ میں شامل کرنا ہے تاکہ ملک سے بجلی کی کمی کو ختم کیا جاسکے۔ منگلا ڈیم کی تزئین کیلئے رقم کی فراہمی امریکہ کے پاکستان میں توانائی کی لئے جامع اعانتی پروگرام کا ایک جزو ہے جس کے ذریعے تربیلا ڈیم میں پاور پلانٹ کی تزئین ‘ گڈو‘ جامشورو اور مظفر گڑھ میں تھرمل بجلی گھروں کی اپ گریڈیشن اور ستپارہ اور گومل زام ڈیم کی تعمیر کی تکمیل شامل ہے۔

مجموعی طور پر امریکہ کے توانائی پروگرام کی بدولت پاکستان میں 1088 میگاواٹ بجلی پیدا کرکے سسٹم میں شامل کی گئی ہے جو گیارہ ملین پاکستانیوں کی بجلی کی ضروریات پورا کرنے کیلئے کافی ہے۔

متعلقہ عنوان :