افغانستان ،ضلعی گورنر کی گاڑی پر مقناطیسی بم دھماکے میں گورنر محافظ سمیت ہلاک،5افراد زخمی

اتوار 9 مارچ 2014 08:52

جلال آباد(اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔9مارچ۔2014ء)مشرقی افغانستان میں ایک ضلعی گورنر کی گاڑی کے ساتھ نصب ایک مقناطیسی بم کے دھماکے میں گورنر اپنے محافظ سمیت ہلاک ہوگئے،یہ بات صوبائی حکام نے بتائی۔حملہ صوبہ ننگرہار میں ہوا جہاں پر ایک ماہ میں صدارتی انتخابات،جب ووٹرز حامد کرزئی کے جانشین کا انتخاب کریں گے،کے موقع پر سخت سیکورٹی خطرات ہیں۔

(جاری ہے)

ننگرہار پولیس کے ترجمان حضرت حسین مشرق وال نے اے ایف پی کو بتایا کہ ضلع نازیان کے گورنر نورآغا کامران کی گاڑی کے ساتھ گزشتہ صبح 9بجے ایک بم نصب کیا گیا تھا جو جلال آباد کے شہر میں دھماکے سے پھٹ گیا۔انہوں نے مزید کہا کہ بدقسمتی سے ضلعی گورنر نور آغا کامران اپنے ایک محافظ کے ہمراہ شہید ہوگئے اور کئی راہگیر اس حملے میں زخمی ہوئے۔ننگرہار گورنر کے ترجمان احمد ضیاء عبدالزئی نے کہا کہ 5پیدل چلنے والے معمولی زخمی ہوئے،انہیں علاج کے بعد ہسپتال سے فارغ کردیاگیا۔فوری طور پر کسی نے اس حملے کی ذمہ داری قبول نہیں کی۔طالبان مزاحمت کار،جو امریکی حمایت یافتہ کرزئی کی حکومت کے خلاف لڑ رہے ہیں،عموماً اس قسم کے چال استعمال کرتے ہیں۔