حکومت خواتین کے حقوق کے تحفظ کیلئے پرعزم ہے،صدر ممنون حسین ،مساوی مواقع، انصاف، برداشت اور خوشحالی پر مبنی معاشرے کیلئے ہم سب کو مل جل کر کوششیں کرنا ہوں گی، حکومت خواتین کو معاشی طور پر بااختیار بنانے کیلئے سرگرمی سے کام کر رہی ہے ،سماجی تحفظ کے متعدد اقدامات سمیت وزیراعظم کے یوتھ پروگرام اور انکم سپورٹ پروگرام میں خواتین کے لئے پچاس فیصد کوٹہ رکھا گیا ہے،پاکستان کی خواتین بے پناہ صلاحیتوں کی حامل ہیں،پاکستان ہر فورم پر خواتین کے خلاف امتیاز کے خاتمے کے بارے میں کنونشن پر خلوص نیت سے عملدرآمد کر رہاہے،خواتین کے عالمی دن کے موقع پر تقریب سے خطاب

اتوار 9 مارچ 2014 08:48

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔9مارچ۔2014ء)صدر مملکت ممنون حسین نے کہا ہے کہ حکومت خواتین کے حقوق کے تحفظ کیلئے پرعزم ہے۔مساوی مواقع، انصاف، برداشت اور خوشحالی پر مبنی معاشرے کیلئے ہم سب کو مل جل کر کوششیں کرنا ہوں گی، پاکستان کی خواتین بے پناہ صلاحیتوں کی حامل ہیں۔ان خیالا ت اظہار انہوں نے ہفتہ کے روز اسلام آباد میں خواتین کے عالمی دن کے موقع پر منعقدہ ایک تقریب سے خطاب کر تے ہوئے کیا ۔

صدرمملکت نے کہا کہ خواتین کو سماجی ، سیاسی اور معاشی طوپر بااختیار بنانے کیلئے متعدد اقدامات کئے گئے ہیں۔انہوں نے کہا کہ پاکستان ہر فورم پر خواتین کے خلاف امتیاز کے خاتمے کے بارے میں کنونشن پر خلوص نیت سے عملدرآمد کر رہاہے۔صدر نے کہا کہ یہ دن ہمیں خواتین کے حقوق کی جانب اپنی ٹھوس کمٹمنٹ اور انہیں ایک صحت مندانہ اور خوشحال زندگی گزارنے کیلئے ہر ممکن سہولیات فراہم کرنے کے عزم کی عکاسی کرتا ہے۔

(جاری ہے)

صدر نے کہا کہ درحقیقت دنیا بھر کی خواتین نے اپنے حقوق کیلئے بڑی جدوجہد اور قربانیاں دی ہیں جنہوں نے اپنی طویل اور کٹھن جدوجہد میں اہم سنگ میل حاصل کئے، پاکستان کی خواتین نے آزادی کی جدوجہد میں اہم کردار ادا کیا، محترمہ فاطمہ جناح موجودہ دور کی خواتین کیلئے ایک رول ماڈل ہیں ۔ممنون حسین نے کہا کہ حکومت خواتین کو معاشی طور پر بااختیار بنانے کیلئے سرگرمی سے کام کر رہی ہے اور سماجی تحفظ کے متعدد اقدامات سمیت وزیراعظم کے یوتھ پروگرام اور بینظیر انکم سپورٹ پروگرام میں خواتین کے لئے پچاس فیصد کوٹہ رکھا گیا ہے۔

انہوں نے کہا وفاقی اور صوبائی ملازمتوں میں خواتین کا دس فیصد کوٹہ بھی خواتین کو بااختیار بنانے کے اقدامات کا ایک اور اہم قدم ہے۔صدر ممنون حسین نے کہا کہ خواتین کو مضبوط بنانے کیلئے لڑکیوں کی تعلیم پر خصوصی توجہ دینے کی ضرورت ہے تاکہ وہ اپنی قوت ارادی سے زندگی کے مسائل کا سامنا کر سکیں۔ انہوں نے کہا کہ ہمیں خواتین کی تعلیم پر خصوصی توجہ مرکو ز کرنے کی ضرورت ہے جس سے ان کو مضبوط بنا نا ہے تاکہ وہ اپنی زندگی میں درپیش چیلنجو ں کا بہادری کے ساتھ مقابلہ کرسکیں۔

صدرمملکت نے کہا کہ اسلام نے خواتین کے احترام، غیرت و وقار اور ا ن کے حقوق کے تحفظ کو یقینی بنایا ہے۔انہوں نے کہا کہ اس دن سے ہمیں خواتین کے حقوق کا تحفظ کرنے اور انھیں ہر ممکنہ انداز میں سہولت دینے سے متعلق اپنے پختہ عزم کی تجدید کا موقع ملتا ہے۔