جیکب آباد میں جکھرانی برادری کے دو گروپوں میں زمین کے تنازعہ پر خونی تصادم ، 5افراد قتل، سردار نور الرحمن جکھرانی سمیت 6افراد زخمی، زخمی نازک حالت میں لاڑکانہ اور کراچی ہسپتال منتقل کردیافریقین مورچہ بند

پیر 10 مارچ 2014 07:33

جیکب آباد(اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔10مارچ۔2014ء) جیکب آباد میں جکھرانی برادری کے دو گروپوں میں زمین کے تنازعہ پر خونی تصادم ، 5افراد قتل، سردار نور الرحمن جکھرانی سمیت 6افراد زخمی، زخمیوں کو نازک حالت میں لاڑکانہ اور کراچی ہسپتال منتقل کردیا گیا،فریقین مورچہ بند۔

(جاری ہے)

تفصیلات کے مطابق جیکب آباد کے مولاداد تھانہ کی حدود قصبہ خیر واہ جکھرانی میں سردار نورالرحمن جکھرانی کی سرپنچی میں جکھرانی برادری کے دو گروپوں میں زمینی تنازعے کے فیصلے پر جکھرانی برادری کے دونوں گروپوں میں اچانک تصادم ہوگیا ، جس میں دونوں فریقین کی جانب سے اندھا دھند فائرنگ کی گئی اور فائرنگ کے نتیجے میں فیصلے کے سرپنچ صوبائی وزیر ممتاز جکھرانی کے چچازاد بھائی سردار نورالرحمن جکھرانی سمیت 6افراد زخمی ہوگئے جبکہ فائرنگ کی زد میں 5افراد ڈاڈو جکھرانی، صفت خان جکھرانی، اللہ رکیو جکھرانی، محبوب جکھرانی اور ذوالفقار جکھرانی موقع پر قتل ہوگئے ،دونوں گروپوں کے درمیان ہونے والی شدید فائرنگ کے باعث لوگوں میں بھگدڑ مچ گئی اور حدود کی پولیس نے پہنچ کر فائرنگ کو کو بند کرانے کی کوشش کی مگر فریقین کے درمیان 4گھنٹوں تک فائرنگ کاتبادلہ رہا ، اطلاع ملنے پر جکھرانی برادری کے عمائدین نے جائے وقوع پر پہنچ کر فائرنگ بند کرائی اور زخمیوں اور لاشوں کو سول ہسپتال پہنچایا جہاں پر صوبائی وزیر میر ممتاز جکھرانی کے چچازاد بھائی سردار نور الرحمن جکھرانی کو طبی امداد دینے کے بعد کراچی منتقل کیا گیا ہے جبکہ زخمی ہونے والے 3افراد کو لاڑکانہ منتقل کیا گیا ہے ، سول ہسپتال جیکب آباد میں جکھرانی برادری کے سینکڑوں افراد موجود تھے جہاں پر لاشوں کو پولیس پہرے میں پوسٹ مارٹم کے بعد ورثہ کے حوالے کیا گیا ، واقعے کے بعد علاقہ میں سخت خوف کی لہر چھائی ہوئی ہے اور دونوں فریقین اپنے اپنے علاقوں میں مورچہ بند ہوگئے اور کسی بھی وقت کسی بڑے خونریز تصادم کا خدشہ ظاہر کیا جارہا ہے، پولیس کے مطابق واقعے کے بعدعلاقہ کو پولیس نے گھیرے میں لے رکھا ہے تاہم آخری اطلاعات تک حدود کے تھانہ پر کوئی مقدمہ درج نہیں ہوسکا ہے، جبکہ زخمی ہونے والے افراد کی بھی حالت نازک بتائی جاتی ہے۔

متعلقہ عنوان :