ایشیا ء کپ میں شرکت کے بعد قومی کرکٹ ٹیم کے چار کھلاڑی اور تین آفیشلز کراچی پہنچ گئے،کپتان مصباح الحق سمیت دیگر کھلاڑی آج وطن واپس پہنچیں گے، ایشیا کپ جیت کر آتے تو خوشی ہوتی ‘ فائنل جیتنے کیلئے بہت کوشش کی، ٹیم کا مورال بہتر ہے، ٹی ٹونٹی ورلڈ کپ میں اچھی کارکردگی دکھائیں گے،شاہد آفریدی

پیر 10 مارچ 2014 07:29

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔10مارچ۔2014ء) ایشیا ء کپ میں شرکت کے بعد قومی کرکٹ ٹیم کے چار کھلاڑی اور تین آفیشلز کراچی پہنچ گئے ائیرپورٹ پر قومی کرکٹ ٹیم کے کھلاڑیوں کا شاندار استقبال کیا گیا۔

(جاری ہے)

اس مو قع پر مایہ نا ز آل راؤنڈر شاہد آفریدی نے کہا ہے کہ ایشیا کپ جیت کر آتے تو خوشی ہوتی ‘ فائنل جیتنے کیلئے بہت کوشش کی ٹیم کا مورال بہتر ہے ٹی ٹونٹی ورلڈ کپ میں اچھی کارکردگی دکھائیں گے، کراچی ائیرپورٹ پر شرجیل خان ‘ انور علی‘ فواد عالم اور کوچ معین خان کے ہمراہ پہنچنے کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے سٹار آل راؤنڈر نے کہا کہ کھلاڑیوں نے کئی اہم مواقعوں پر غلطیاں کیں آئندہ ایسی غلطیاں نہیں دہرائیں گے‘ بیٹنگ اور باؤلنگ پر مزید توجہ دینے کی ضرورت ہے۔

ادھرکپتان مصباح ودیگر کھلاڑی کل لاہور آئیں گے۔ ڈھاکہ میں ایشیاکپ کے فائنل میں شکست کے بعد قومی کے کھلاڑیوں کی ٹولیوں کی صورت میں وطن واپسی ہوگی۔ لاہور پہنچنے والے کھلاڑیوں میں مصباح الحق، محمد حفیظ، احمد شہزاد، سعید اجمل، عمر اکمل، عبدالرحمن ، محمد طلحہ، بلاول بھٹی اور صہیب مقصود شامل ہیں۔