وزیراعظم کا مٹھی میں غیر معمولی سیکیورٹی اقدامات پر نوٹس ، سول ہسپتال مٹھی اور دیگر سرکاری طبی اداروں میں مریضوں کو بہترین سہولتیں فراہم کی جائیں‘ نواز شریف، تھر میں بچوں کی اموات کا سلسلہ جا ری ، بھوک کی اذیت بھی بر قرار

منگل 11 مارچ 2014 08:22

اسلام آباد،تھرپارکر(اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔11مارچ۔2014ء)وزیراعظم نواز شریف نے مٹھی میں سیکورٹی کے نام پر کیے جانے والے انتظامات کا نوٹس لے لیا۔ وزیراعظم نواز شریف نے مٹھی میں سیکورٹی کے حوالے سے کئے جانے والے انتظامات کا نوٹس لیتے ہوئے کہا ہے کہ سول ہسپتال مٹھی اور دیگر سرکاری طبی اداروں میں مریضوں کو بہترین سہولتیں فراہم کی جائیں۔

وزیر اعظم نے ہدایت کی کہ مریضوں کو کسی صورت تکلیف نہیں پہنچنی چاہیے اور انکے لئے مٹھی کے تمام اسپتال کھول دیئے جائیں، ادھر تھرپارکر میں بھوک سے بے حال عوام کی مشکلات ہیں کہ کم ہونے کا نام نہیں لے رہیں،امدادی سرگرمیوں کا مرکز مٹھی ہونے کی وجہ سے اب دور دراز کے دیہات سے امداد کے طلبگار عوام بھی مٹھی کا رخ کررہے ہیں۔

(جاری ہے)

تھر پارکر میں غذائی قلت اب بھی دوردراز کے دیہات کے باسیوں کے لئے خوف کی علامت بنی ہوئی ہے، جہاں قوت خرید کم اورمہنگائی آسمان سے باتیں کرنے پر آٹا ،چاول اوردیگر اجناس نایاب ہوچکے ہیں۔

سرکاری اورغیرسرکاری اداروں کی جانب سے مٹھی میں امداد ی سامان کی آمد کے سبب غریب اوربے بس شہری امداد لینے مٹھی پہنچ رہے ہیں اورجو نہیں آپارہے وہ اپنی جھونپڑیوں میں ہی مدد کے منتظر ہیں،گندم کی تقسیم کا عمل سست روی سے جاری رہنے کے سبب مدد کا سلسلہ بھی افسوسناک حد تک آہستگی سے آگے بڑھ رہا ہے اورہرروز ہزاروں افراداسپتالوں کا رخ کررہے ہیں۔پاک فوج ،سیاسی ،مذہبی اورسماجی جماعتوں نے اپنے اپنے امادی کیمپ لگارکھے ہیں جبکہ سندھ حکومت بھی امدادی کارروائیوں میں حصہ لے رہی ہے۔