امریکی وزیرخارجہ کا یوکرین کے بحران سے نمٹنے کے لیے امریکی تجاویز پر عمل نہ کرنے تک روسی صدر سے ملنے سے انکا ر،روسی فوجی کارروائی نے مذاکرات مشکل بنا دئیے ہیں،جان کیری

بدھ 12 مارچ 2014 08:03

واشنگٹن (اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔12مارچ۔2014ء) امریکی وزیرِ خارجہ جان کیری نے روسی صدر ولادی میر پیوٹن سے اس وقت تک ملنے سے انکار کیا ہے جب تک روس یوکرین کے بحران سے نمٹنے کے لیے امریکی تجاویز پر عمل نہیں کرتا۔برطانوی نشریاتی ادارے کے مطابق امریکی حکام کا کہنا ہے کہ امریکی وزیرِ خارجہ نے اپنے روسی ہم منصب کو بتایا ہے کہ روس کی جانب سے کرائمیا کے خطے میں مداخلت نے بات چیت کو بہت مشکل بنا دیا ہے۔

امریکی حکام کا کہنا ہے کہ اگر روس سے الحاق کے لیے کرائمیا میں آئندہ اتوار کو مجوزہ ریفرینڈم کروایا گیا تو بات چیت کے لیے موضوعات کم رہ جائیں گے۔ادھر منگل کے روز روس میں ایک پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے یوکرین کے معزول صدر وکٹر یانوکوچ نے یوکرین کی نئی حکومت کو ’فسطائی بدمعاش‘ قرار دیا ہے اور ان کا کہنا ہے کہ 25 مئی کو جو انتخابات ہونے جا رہے ہیں وہ غیر قانونی ہیں۔

(جاری ہے)

بحران پر بات چیت کے لیے اقوامِ متحدہ کی سلامتی کونسل کا دس روز میں پانچواں اجلاس ہو رہا ہے اس کے علاوہ یوکرین کے وزیراعظم آرسنی یاتسن یوک نے کیوف میں ارکانِ پارلیمان سے کہا ہے کہ کرئمیا کے حکام ایک ’منظم گینگ‘ ہیں اور انہیں روسی حمایت حاصل ہے۔ انہوں نے روس سے کہا ہے کہ مسئلے کو سفارتی طریقے سے حل کیا جائے۔یادرہے کہ کرائمیا کی اسمبلی پہلے ہی روس کے ساتھ الحاق کی منظوری دے چکی ہے۔ اس کے علاوہ کرائمیا کے عوام چند روز میں ایک ریفرنڈم میں حصہ لینے والے ہیں جس میں ان سے پوچھا جائیگا کہ کیا وہ روس کے ساتھ الحاق چاہتے ہیں۔جبکہ امریکہ اور مغربی ممالک روس پر زور دے رہے ہیں کہ روس یوکرین کے علاقے سے نکل جائے۔

متعلقہ عنوان :