طالبان کمیٹی وفد کی مولانا سمیع الحق کی قیادت میں وزیرداخلہ سے ملاقات ، طالبان کمیٹی نے مذاکرات کیلئے حکومت کی نئی کمیٹی پر اعتماد کا اظہار کردیا ،نئی کمیٹی کے قیام سے مذاکرات کا عمل مزید تیز ہوگا ، طالبان کمیٹی موسم بہتر ہوتے ہی میرانشاہ طالبان نمائندوں سے ملاقات کریگی ، مولانا سمیع الحق ، حکومت مذاکرات کے لئے ہر ممکن تعاون فراہم کرے گی ، طالبان کمیٹی کو ہیلی کاپٹر بھی فراہم کیاجائے گا ، چوہدری نثا ر ،طالبان کی کمیٹی بدستور فعال رہے گی، چوہدری نثار سے ملاقات میں ہم نے اپنی تجاویز سے انہیں آگاہ کیا، مذاکرات میں پیش رفت خوش آئند ہے، پروفیسر ابراہیم

جمعرات 13 مارچ 2014 08:19

اسلام آباد(رحمت اللہ شباب۔اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔13مارچ۔ 2014ء) طالبا مذارکراتی کمیٹی نے طالبان سے مذاکرات کیلئے حکومت کی نئی کمیٹی پر اعتماد کا اظہار کردیا ، کمیٹی موسم بہتر ہوتے ہی وزیرستان جائے گی ۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق وزیراعظم اور عمران خان کی ملاقات کے بعد طالبان کمیٹی کے وفد نے مولانا سمیع الحق کی قیادت میں وزیر داخلہ چوہدری نثار علی خان سے ملاقات کی جس میں وزیر داخلہ نے مذاکرات کیلئے نئی حکومتی کمیٹی کی تشکیل پر طالبان کمیٹی کو اعتماد میں لیا طالبان کمیٹی نے نئی حکومتی کمیٹی کے قیام پر اعتماد کا اظہار کیا ۔

مولانا سمیع الحق نے کہا کہ امید ہے کہ نئی کمیٹی کے قیام سے مذاکرات کا عمل مزید تیز ہوگا اور نتیجہ خیز ثابت ہوگا ۔ طالبان کمیٹی موسم بہتر ہوتے ہی ایک دو روز میں میرانشاہ جائے گی اور طالبان نمائندوں سے ملاقات کرے گی چوہدری نثار نے کہا کہ حکومت مذاکرات کے لئے ہر ممکن تعاون فراہم کرے گی طالبان کمیٹی کو ہیلی کاپٹر بھی فراہم کیا جائے گا ۔

(جاری ہے)

دوسری جانب پروفیسر ابراہیم نے میڈیا سے گفتگو میں کہا کہ طالبان کی کمیٹی بدستور فعال رہے گی اور اس کی نئی حکومتی کمیٹی سے جلد ملاقات ہوگی ۔ مذاکرات میں پیش رفت کے لئے طالبان قیادت سے ملاقات ضروری ہے ۔ چوہدری نثار سے ملاقات میں ہم نے اپنی تجاویز سے انہیں آگاہ کیا انہوں نے کہا کہ مذاکرات میں پیش رفت خوش آئند ہے وزیراعظم اور عمران خان کی ملاقات بارے میڈیا کے ذریعے علم ہوا چوہدری نثار سے ملاقات میں حالات واقعات پر گفتگو ہوئی ہے ۔