مالکی کے الزامات،یواے ای نے عراق سے سفیر واپس بلا لیا

جمعرات 13 مارچ 2014 08:15

ابوظہبی(اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔13مارچ۔ 2014ء) متحدہ عرب امارات نے عراقی وزیراعظم نوری المالکی کے سعودی عرب پر دہشت گردی کی حمایت سے متعلق الزامات کے خلاف احتجاج کے طور پر بغداد میں متعین اپنے سفیر کو واپس بلا لیا ہے۔غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق عراق کے شیعہ وزیراعظم نوری المالکی نے ہفتے کے روز فرانس کے 24 ٹی وی چینل کے ساتھ ہفتے کے روز ایک انٹرویو میں سعودی عرب اور قطر پر کھلے بندوں مغربی صوبے الانبار میں سنی مزاحمت کاروں کو رقوم مہیا کرنے کا الزام عاید کیا تھا۔

(جاری ہے)

الانبار میں سنی مزاحمت کاروں اور عراقی فوج کے درمیان جنوری سے جاری لڑائی کے بعد عراقی وزیراعظم کا سعودی عرب اور قطر کے خلاف یہ سب سے سخت بیان تھا۔سعودی عرب نے نوری المالکی کے ان الزامات کو جارحانہ اور غیر ذمے دارانہ قرار دے کر مسترد کردیا تھا۔واضح رہے کہ متحدہ امارات نے اسی ہفتے سعودی عرب کی جانب سے مصر کی مذہبی سیاسی جماعت اخوان المسلمون کو دہشت گرد قرار دیے جانے کی بھی حمایت کی تھی اور اب یہ دوسرا موقع ہے کہ اس نے سعودی عرب کی حمایت میں عراق سے سفارتی تعلقات عارضی طور پر منقطع کرلیے ہیں اور اپنے سفیر کو واپس بلا لیا ہے۔