وزیراعظم آزاد کشمیر کی نوازشریف کی ملاقات ، وزیر اعظم دورہ میرپور کی دعوت قبول کر لی ، چوہدری عبدالمجید نے وزیراعظم پاکستان کی توجہ آزادکشمیر کے مالی اور ترقیاتی معاملات کی طرف دلائی ، وزیراعظم کی تمام معاملات کو فوری حل کرنے کی یقین دہانی ، آزاد کشمیر کے مالی معاملات کو یکسو رکھنے کے لئے وفاقی وزیر خزانہ اسحاق ڈار کو ذمہ داری سونپ دی گئی

جمعرات 13 مارچ 2014 08:11

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔13مارچ۔ 2014ء)وزیراعظم پاکستان محمد نوازشریف نے آزادکشمیر کے تمام مالی و ترقیاتی معاملات حل کرنے، آزادکشمیر کو این ایف سی ایوارڈ میں شامل کر کے صوبوں کی طرز پر محصولات سے حصہ دینے، بیرون ملک مقیم کشمیری سرمایہ کاروں کو پاکستان میں سرمایہ کاری کی ترغیب دینے کے لئے وزیراعظم آزادکشمیر کے ساتھ برطانیہ کا دورہ اور متاثرین منگلا ڈیم کے ساتھ اظہار یکجہتی کیلئے دورہ میرپور کی دعوت قبول کر لی۔

بدھ کے روز وزیراعظم آزاد حکومت ریاست جموں و کشمیر چوہدری عبدالمجید نے وزیراعظم پاکستان محمد نوازشریف سے ایوان وزیراعظم پاکستان میں ملاقات کی۔ ملاقات میں وزیراعظم چوہدری عبدالمجید نے وزیراعظم پاکستان کی توجہ آزادکشمیر کے مالی اور ترقیاتی معاملات کی طرف دلائی جس پر وزیراعظم پاکستان نے ان تمام معاملات کو فوری طور پر حل کرنے کی یقین دہانی کرائی اور آزاد کشمیر کے مالی معاملات کو یکسو رکھنے کے لئے وفاقی وزیر خزانہ اسحاق ڈار کو ذمہ داری سونپی۔

(جاری ہے)

وزیراعظم آزادکشمیر نے ملاقات میں تجویز پیش کی کہ آئندہ دو ہفتوں کے دوران وزیراعظم پاکستان خصوصی طور پر کشمیر ہاؤس اسلام آباد تشریف لائیں جہاں پر ان کے ویژن اور وفاق و آزادکشمیر کے بجٹ کے مطابق آزادکشمیر کی تعمیر و ترقی اور عوامی فلاح و بہبود کے ایجنڈے پر تبادلہ خیال کرتے ہوئے فیصلے کئے جائیں جس پر وزیراعظم پاکستان نے تجویز سے اتفاق کر لیا۔

ملاقات میں بیرون ملک مقیم کشمیریوں کی طرف سے وطن عزیز میں سرمایہ کاری کے حوالے سے بھی تبادلہ خیال کیا گیا اور جس پر فیصلہ کیا گیا کہ دونوں وزراءِ اعظم آئندہ چند ماہ کے دوران برطانیہ کا دورہ کرینگے اور اس دورہ کے دوران لندن، برمنگھم اور بریڈ فورڈ میں عوامی اجتماعات منعقد کر کے کشمیری سرمایہ کاروں کو پاکستان میں سرمایہ کاری کی ترغیب اور حوصلہ افزائی کریں گے وزیراعظم آزادکشمیر نے ملاقات میں بتایا کہ اس وقت لاکھوں کشمیری برطانیہ، یورپ، امریکہ، کینیڈا اور مشرق وسطیٰ کے ممالک میں مقیم ہیں وہ سالانہ اربوں ڈالر کا قیمتی زرمبادلہ وطن عزیز بھجواتے ہیں۔

یہ کشمیری پاکستان میں سرمایہ کاری کرنے پر تیار ہیں۔ وزیراعظم آزادکشمیر نے کہا کہ متاثرین منگلا ڈیم وطن عزیز پاکستان کی خوشحالی کے لئے دو مرتبہ قربانیاں دے چکے ہیں۔ ان کی حوصلہ افزائی اور یکجہتی کیلئے آپ میرپور کا دورہ کریں جس پر وزیراعظم پاکستان نے دورہ میرپور کی دعوت قبول کرتے ہوئے اپریل کے وسط میں دورہ میرپور پر اتفاق کر لیا۔

وزیراعظم آزادکشمیر نے تھر میں قحط سالی کا شکار ہونے والے متاثرین سے حکومت آزادکشمیر اور کشمیری عوام کی طرف سے ہمدردی کا اظہار کیا اور کہا کہ آزادکشمیر کابینہ نے متاثرین کے لئے ایک ماہ کی جبکہ ملازمین ایک دن کی تنخواہ دینگے جبکہ متاثرین کو طبی سہولیات فراہم کرنے میں اپنا حصہ ڈالنے کے لئے آزادکشمیر سے اعلیٰ تربیت یافتہ طبی وفد بھی بھجوایا جا رہا ہے وزیراعظم نے کہا کہ مشکل کی اس گھڑی میں آزادکشمیر کے عوام پاکستانی بھائیوں کے ساتھ ہیں۔

وزیراعظم چوہدری عبدالمجید نے وزیراعظم محمد نوازشریف کو پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری اور سیاسی امور کی انچارج محترمہ فریال تالپور کی جانب سے تہنیتی پیغام پہنچایا اور شکریہ ادا کیا کہ انہوں نے کشمیری عوام کے ساتھ 5 فروری کو قانون ساز اسمبلی اور کشمیر کونسل کے مشترکہ اجلاس کے موقع پر بے مثال یکجہتی کا اظہار کیا اور اپنے خطاب کے دوران دونوں اطراف کے کشمیریوں کو پاکستان کی عوام کی طرف سے حمایت اور تعاون کا یقین دلایا وہ ہمارے لئے قابل تحسین ہیں۔

وزیراعظم پاکستان محمد نوازشریف نے کہا کہ پاکستان پیپلزپارٹی کے سرپرست بلاول بھٹو زرداری کا مشکور ہوں کہ جنہوں نے میرے دورہ تھرپارکر کے لئے تشریف لائے اور دورہ کے دوران میرے ساتھ رہے یہ میرے لئے باعث عزت ہے۔ وزیراعظم پاکستان نے وزیراعظم آزادکشمیر سے کہا کہ وہ ان کی طرف سے اپنی قیادت کو احترام اور نیک خواہشات کا پیغام پہنچا دیں۔ اس ملاقات کے دوران وزیراعظم پاکستان کے پرنسپل سیکرٹری اور وزیراعظم آزادکشمیر کے پرنسپل سیکرٹری فیاض عباسی بھی موجود تھے۔