بلوچستان سپورٹس فیسٹیول کے انتظامات اور کھلاڑیوں کو سہولیات کی فراہمی میں کوئی کسر نہ چھوڑی جائے، ڈاکٹر عبدالمالک بلوچ،صوبائی حکومت دوسرے شعبوں کی طرح کھیل کی اہمیت سے بخوبی آگاہ ہے، صحت مند اور متحرک معاشرہ کھیلوں کے بغیر تشکیل نہیں پاسکتا، وزیر اعلیٰ بلوچستان

جمعرات 13 مارچ 2014 08:10

کوئٹہ (اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔13مارچ۔ 2014ء )وزیر اعلیٰ بلوچستان ڈاکٹر عبدالمالک بلوچ نے کہا ہے کہ بلوچستان سپورٹس فیسٹیول 2014ء کے انتظامات اور کھلاڑیوں کو سہولیات کی فراہمی میں کوئی کسر نہ چھوڑی جائے، ان خیالات کا اظہار انہوں نے بلوچستان سپورٹس فیسٹیول 2014ء کے انتظامات کا جائزہ لینے کے موقع پر اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا وزیر اعلیٰ بلوچستان نے کہا کہ صوبائی حکومت دوسرے شعبوں کی طرح کھیل کی اہمیت سے بخوبی آگاہ ہے، صحت مند اور متحرک معاشرہ کھیلوں کے بغیر تشکیل نہیں پاسکتا، انہوں نے کہا کہ فیسٹیول کے انعقاد کا مقصد کھیل کے ویران میدانوں کو آباد کرنا ہے اور نوجوان نسل کو منفی سرگرمیوں سے دور رکھنا ہے انہوں نے کہا کہ فیسٹیول کے انعقاد سے نہ صرف بلوچستان کے عوام کو تفریح کے بہترین مواقع میسر آئیں گے بلکہ جمہود کی کیفیت کا خاتمہ بھی ہوگا، اس موقع پر بریفنگ دیتے ہوئے صوبائی سیکریٹری کھیل حافظ عبدالباسط نے بتایا کہ وزیر اعلیٰ بلوچستان ڈاکٹر عبدالمالک بلوچ فیسٹیول کا افتتاح 22مارچ کوکریں گے، جبکہ 29مارچ کو اختتامی تقریب کے مہمان خصوصی گورنر بلوچستان محمد خان اچکزئی ہونگے، انہوں نے بتایا کہ فیسٹیول میں 26کھیلوں کے مختلف مقابلے منعقد کئے جائیں گے،جس میں 800کے قریب مرد و خواتین کھلاڑی ان کھیلوں میں حصہ لیں گے ،انہوں نے کہا کہ ایوب اسٹیڈیم کی تنزئین و آرائش اور مرمت کا کام آخری مراحل میں ہے، فیسٹیول کے مقابلے ایوب اسٹیڈیم، گرلز کالج کوئٹہ ، شعلہ کرکٹ گراؤنڈ کوئٹہ کینٹ، عسکری گراؤنڈ، گیریژن سپورٹس کمپلیکس اورہنہ جھیل میں منعقد کئے جائیں گے انہوں نے کہا کہ فیسٹیول کے تمام انتظامات کو حتمی شکل دے دی گئی ہے اجلاس میں صوبائی وزیر کھیل میر مجیب الرحمان محمد حسنی، صوبائی مشیر جنگلات و جنگلی حیات عبید اللہ بابت، چیف سیکریٹری بلوچستان بابر یعقوب فتح محمد، محکمہ خزانہ، سی اینڈ ڈبلیو، اطلاعات، ثقافت کے سیکرٹریز ، آئی جی پولیس، سی سی پی او، کیسکو چیف ، وزیر اعلیٰ بلوچستان کے ترجمان جان محمد بلیدی، پولیٹیکل سیکریٹری برائے وزیر اعلیٰ خیر جان بلوچ، ڈائریکٹر کھیل نذر بلوچ و دیگر متعلقہ حکام نے شرکت کی۔