بارہ سال سے دہشتگردی کا شکار ملک بہت جلد امن کا گہوارہ ہوگا ،عرفان صدیقی، ملکی تاریخ میں پہلی مرتبہ حکومت نے آئین کے پیرامیٹر کے اندر طالبان سے مذاکرات شروع کئے ہیں، امید ہے مثبت راستے پر جاتے ہوئے کامیاب ہونگے،فیصلہ سازی کا مرحلہ شروع ہوچکا ہے،پریس کانفرنس سے خطاب

جمعہ 14 مارچ 2014 07:57

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔14مارچ۔2014ء) حکومتی مذاکراتی کمیٹی کے کوآرڈینیٹر اور وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے امور خارجہ عرفان صدیقی نے کہا ہے کہ گزشتہ بارہ سال سے دہشتگردی کا شکار ملک بہت جلد امن کا گہوارہ ہوگا ، ملکی تاریخ میں پہلی مرتبہ حکومت نے آئین کے پیرامیٹر کے اندر طالبان سے مذاکرات شروع کئے ہیں جو کہ امید ہے کہ مثبت راستے پر جاتے ہوئے کامیاب ہونگے ۔

ان خیالات کااظہار انہوں نے جمعرات کے روز پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔ عرفان صدیقی نے کہا کہ حکومت کمیٹی چار ارکان کی باقاعدہ مشاورت کے بعد فیصلہ کیا گیا ہے اب رابطہ کاری مرحلہ ختم اور فیصلہ سازی کا مرحلہ شروع ہوچکا ہے اس لئے پہلی حکومتی کمیٹی کو تحلیل کیا گیا انہوں نے کہا کہ اب فیصلہ سازی کیلئے کامیاب مرحلہ شروع ہوچکا ہے اور کامیاب مذاکرات کو آگے بڑھانے کیلئے طالبان کمیٹی کے دو ارکان بھی شمالی وزیرستان جا چکے ہیں ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ حکومت کی بہت بڑی کامیابی ہے کہ بارہ سال بعد جس میں دو حکومتوں کا اقتدار شامل ہے اس میں طالبان سے مذاکرات نہیں کئے گئے لیکن پہلی بار ہماری حکومت کی جانب سے شمالی وزیرستان میں پہلی مرتبہ مذاکراتی کمیٹی نے جا کر طالبان سے مذاکرات کی اور انہیں جنگ بندی پر آمادہ کیا جس کی تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے بھی تائید کی ہے ۔

عرفان صدیقی نے کہا کہ طالبان سے مذاکرات کے دوران جو دہشتگرد کارروائیاں کی گئیں وہ صرف مذاکرات کو سبوتاژ کرنے کی کوشش کی تھی لیکن آگے امید ہے کہ دونوں طرف سے مفاہمت کے ساتھ آگے بڑھا جائے گا ۔ عرفان صدیقی نے کہا کہ کسی کو بھی کوئی شبہ نہیں ہونا چاہیے کہ حکومت مذاکرات میں سنجیدہ نہیں ہے ۔ ایک سوال کے جواب میں عرفان صدیقی کاکہنا تھا کہ طالبان کی جانب سے بھی مطالبات پیش کئے جائینگے لیکن امید ہے کہ ان کو باقاعدہ مشاورت اور قانون و آئین کے دائرہ کار کے اندر معاملے کو دیکھا جائے گا اور اس میں سپاہیوں سمیت علماء کرام بھی حکومت کے ساتھ شامل ہیں ۔

اس موقع پر نیشنل پریس کلب اسلام آباد کی انتظامیہ نے عرفان صدیقی کو اپنے مطالبات بھی پیش کئے جس پر انہوں نے یقین دلایا کہ وہ اس حوالے سے وزیراعظم نواز شریف سے بات کرینگے اور صحافیوں کے مسائل کو حل کیا جائے گا ۔

متعلقہ عنوان :