پاکستان کے سی ون تھرٹی طیاروں کی اپ گریڈیشن،امریکی کانگریس میں 10کروڑ ڈالر پیکیج کی منظوری کا بل پیش ، ڈیفنس سیکورٹی کارپوریشن ایجنسی نے کانگریس کو ممکنہ معاہدے سے آ گا ہ کر دیا ،ممکنہ معاہدے کے مطابق پاکستان کو جہاز کے آلات ، پارٹس ،ٹریننگ اور لاجسٹک مدد فراہم کی جائے گی ، پاک فضائیہ کے پاس 16 سی ون تھرٹی طیارے ہیں جو مختلف عسکری امور کیلئے استعمال ہوتے ہیں

جمعہ 14 مارچ 2014 08:00

واشنگٹن (اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔14مارچ۔2014ء)پاک فضائیہ کے سی ون تھرٹی طیاروں کی اپ گریڈیشن کے لئے امریکی کانگریس میں 10 کروڑ ڈالر پیکیج کی منظوری کے لئے بل پیش کردیا گیا۔ امریکی جریدے 'واشنگٹن بزنس جرنل' کے مطابق پاکستان کو سی ون تھرٹی طیارے اپ گریڈ کرانے کی ضرورت ہے، یہ طیارے امریکی کمپنی لاک ہیڈ مارٹن سے اپ گریڈ کرائے جائیں گے جس کے لئے پینٹاگون نے دس کروڑ ڈالر کا ٹھیکہ دینے کا منصوبہ بنایا ہے، پاک فضائیہ کے پاس 16 سی ون تھرٹی طیارے ہیں جو مختلف عسکری امور کے لئے استعمال ہوتے ہیں۔

رپورٹ کے مطابق پاکستان کے لئے امریکی کانگریس سے ایک سو ملین ڈالرکے ملٹری پیکیج کی منظوری کے لئے کہا گیا ہے،امریکی دفاعی ادارے نے کانگریس کو پاکستانی فضائیہ کے سی130طیارے اپ گریڈ کرنے کے دس کروڑ ڈالر کے ممکنہ فارن ملٹری سیلز سے آگاہ کردیا ہے۔

(جاری ہے)

رپورٹ کے مطابق امریکی اتحادیوں کے لئے غیر ملکی عسکری سازوسامان سے متعلقہ ڈیفنس سیکورٹی کارپوریشن ایجنسی نے کانگریس کو ممکنہ معاہدے سے مطلع کردیا ہے۔

ممکنہ معاہدے کے مطابق پاکستان کو جہاز کے آلات ، پارٹس ،ٹریننگ اور لاجسٹک مدد فراہم کی جائے گی تاکہ پاکستانC-130B/E کے ملٹری ٹرانسپورٹ فلیٹ کو اپ گریڈ کر سکے۔اس میں فضائی الیکٹرانکس آلات کی اپ گریڈیشن ، انجن کے انتظام ،میکانی اپ گریڈیشن ، سامان کی ترسیل کے نظام کی تنصیب اور چھ طیاروں کے بیرونی بازو سیٹ کی تبدیلی شامل ہے۔اس کے علاوہ اس میں اسپیئر اور مرمتی پارٹس ،معاون آلات ، مطبوعات اور تکنیکی دستاویزات ، عملے کی تربیت اور تربیت کا سازو سامان بھی شامل ہے۔

پاکستان فضائیہ کے پاس سی130فلیٹ کے16طیارے ہیں یہ بیڑا انسداد عسکریت پسندی اور انسداد دہشت گردی کی پروازوں ، علاقائی انسانی امدادی آپریشن ، فوجوں کی نقل و حمل ، اور انٹیلی جنس ، نگرانی اور ابتدائی معائنہ (ISR) مشن کے لئے استعمال کیا جاتا ہے۔بیڑے کو اپ گریڈ کرنے سے یہ طیارے مزید دس سے پندرہ سال تک قابل عمل بن جائیں گے۔ امریکا کی فارن ملٹری سیلز 2011میں 34ارب ڈالر تھی جو2012میں دگنا ہو کر69ارب ڈالر تک جا پہنچی ہے۔

متعلقہ عنوان :