آنے والا دور ایل این جی کا ہے،حکومت اس سیکٹر میں تیزی سے کام کر رہی ہے ،شاہد خاقان عباسی،تا حال ایل این جی کی قیمت کا تعین نہیں کیا گیا مگر حکومت کی کوشش ہے کہ پٹرو ل کی قیمت سے30فیصد کم ہی ہو گی ،وفاقی وزیر پٹرولیم

جمعہ 14 مارچ 2014 07:47

راولپنڈی (اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔14مارچ۔2014ء)وفاقی وزیر برائے پٹرولیم اور قدرتی وسائل شاہد خاقان عباسی نے کہا ہے کہ آنے والا دور ایل این جی کا ،حکومت ایل این جی سیکٹر میں تیزی سے کام کر رہی ہے تا حال ایل این جی کی قیمت کا تعین نہیں کیا گیا مگر حکومت کی کوشش ہے کہ پٹرو ل کی قیمت سے30فیصد کم ہی ہو گی ،سی این جی اسٹیشن مالکان پر واضح کر دیا ہے کہ ملک میں گیس نہیں ہے تمام اسٹیشنز کو ایل این جی سسٹم پر تبدیل کر لیں، حکومت تیل و گیس کے نئے ذخائر ڈھونڈنے کے اقدامات اٹھا رہی ہے اور گیس کے حوالے سے صر ف اُس صنعت کو ترجیح دی جا رہی ہے جسکا 100فیصدی انحصار گیس پر ہے ،راولپنڈی چیمبر ملکی ترقی میں اہم کردار ادا کر رہا ہے وزارت پٹرولیم گیس بحران کے حوالے سے چیمبر کی تجاویز کا خیر مقدم کرتی ہے ،ان خیالات کا اظہار انہوں نے راولپنڈی چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے وفد جس کی قیادت قائمقام صدر ملک شاہد سلیم کر ہے تھے سے ایک ملاقات میں کیا اس موقع پر گروپ لیڈر شیخ شبیر ، سابق صدر سہیل الطاف ،ایس ایم نسیم، نائب صدر محمد عالم چغتائی، اراکین مجلس عاملہ خواجہ عبدالراشد وآئیں اورطارق مغل بھی موجو دتھے۔

(جاری ہے)

وفاقی وزیر نے کہا کہ ایران پر عائد پابندیاں گیس منصوبے کی راہ میں سب سے بڑی رکاوٹ ہیں،ترکمانستان افغانستان پاکستان اور انڈیا (TAPI)گیس منصوبے کو میچور ہونے میں 3سے4سال کا عرصہ درکار ہے ،گھریلو صارفین کو در مشکلات سے مکمل طور پر آگا ہ ہیں اور ہنگامی اقدامات اٹھا رہے ہیں ،بائیو گیس کا کلچر ملک میں ڈیولپ نہیں ہو سکا ،ایل این جی کو سستے ایندھن کا ذریعہ بنائیں گے اور چیمبر کی تجویز پر پٹرول پمپ مالکان کے کمشن میں اضافہ کیا جائے گا ،کاروباری برادری کے ساتھ روابط کو معمول کا حصہ بنائیں کے تا کہ صنعت کو درپیش مشکلات سے با خبر رہ سکیں اور اس ضمن میں چیمبر کی تجویز پر ایڈوائزری کمیٹی بنائی جائے گی جو حکومت کی رہنمائی کرے گی، اس موقع پر قائمقام صدرملک شاہد سلیم نے کہا کہ راولپنڈی چیمبر کی اولین ترجیح ملک کی ترقی اور کاروباری سر گرمیوں کا فروغ ہے اور اس ضمن میں کسی دباؤ کو برداشت نہ کیا جائے اور نہ ہی کسی کی مداخلت پر پالیسیوں کو تبدیل کیا جائے ،کاروباری برادری ہر مشکل وقت میں حکومت کے ساتھ کھڑی رہی ہے اور مستقبل میں بھی حکومت کو اپنے بھرپور تعاون کا یقین دلاتے ہیں ،انہون نے کہا کہ ملک اس وقت بہت سے بحرانوں کا شکار ہے جس میں سب سے بڑا مسئلہ توانائی کا شدید ترین بحران ہے ،کاروباری برادری کی موجود ہ کاروبار دوست حکومت سے بہت سی توقعات وابستہ ہیں اور امید کرتے ہیں کہ حکومت اپنی ذمہ داریوں سے مکمل طور پر عہد ہ برا ہو گی۔

قائمقام صدر نے کہا کہ حکومت انڈیا کو پسندیدہ ملک قرار دینے کی حتمی منظوری دے چکی ہے بس اعلان کرنا باقی ہے اور تمام کاروباری برادری اس کی حمایت کرتی ہے لیکن مقامی صنعتوں کو مقابلے کیلئے یکساں مواقع فراہم کرنا حکومات کی ذمہ داری ہے اور اس لئے صنعت کو ترجیحی بنیادوں پر گیس کی سپلائی ازحد ضروری ہے تا کہ بر وقت اور نسبتاً کم قیمت پر اشیا کی تیاری کو یقینی بنایا جا سکے