ڈالر کا سستا ہونا ملک و قوم کے فائدے میں لیکن اسکا مستحکم رہنا بھی ضروری ہے ، یوسف رضا گیلانی، حکومت طالبان مذکرات کامیاب ہوئے تو پورے ملک میں امن قائم ہوگا تاہم حکومت میری طرح طالبان کے آگے بے بس ہے،کراچی میں رائس ایکسپورٹرز ایسویسی ایشن آف پاکستان کے عہدیداران سے ملاقات

جمعہ 14 مارچ 2014 07:48

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔14مارچ۔2014ء)سابق وزیراعظم سید یوسف رضا گیلانی نے کہا ہے کہ ڈالر کا سستا ہونا ملک و قوم کے فائدے میں ہے لیکن اس کا مستحکم رہنا بھی ضروری ہے ، حکومت طالبان مذکرات کامیاب ہوئے تو پورے ملک میں امن قائم ہوگا تاہم حکومت میری طرح طالبان کے آگے بے بس ہے ۔ بدھ کوکراچی میں رائس ایکسپورٹرز ایسویسی ایشن آف پاکستان کے عہدیداران سے ملاقات کے موقع پر خطاب کرتے ہوئے سابق وزیراعظم سید یو سف رضا گیلانی نے کہا کہ پیپلزپارٹی کی سابقہ حکومت نے ڈائیلاگ ، ڈیولپمنٹ اور ڈیٹرن کی پالیسی پر کام کیا اور سوات میں ملٹری آپریشن اس وقت کیا جب طالبان کی جانب سے معاہدے کی خلاف ورزی کی گئی ۔

انہوں نے کہا کہ 2008کے انتخابات میں پیپلزپارٹی نے بے نظیر بھٹو اور میاں نوا ز شریف کے مابین طے پائے جانے والے میثاق جمہوریت کو ہی منشور بنا کر کامیابی حاصل کی اور میثاق جمہور یت پر 85فیصد عملدرآمد کیا ۔

(جاری ہے)

انہو ں نے کہا کہ میاں نواز شریف کی حکومت کو چاہئے میثاق جمہوریت کے بقیہ 15فیصد پر عمل کرے تو پیپلز پارٹی ان کا ساتھ دینے کیلئے تیار ہے ۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان تحریک انصاف اور مسلم لیگ نون نے ماضی میں نئی پالیسی بنانے کا مطالبہ کیا تھا جس پر ہم نے اے پی سی میں انہیں فری ہینڈ دینے کا اعلان کیا تھا ۔یوسف رضا گیلانی نے کہا کہ مسلم لیگ نون اور پاکستان تحریک انصاف کیا پالیسی بنائیں گے یہ تو وقت ہی بتائے گا تاہم عوامی مفاد میں جو بھی بہتر پالیسی بنائے گا پیپلزپارٹی اس کا ساتھ دے گی ۔

انہوں نے کہا کہ ملک کو قیام کو پچاس برس سے زائد ہوگئے ہیں ان پچا س برسوں میں 25برس سے زائد مارشل لاء نافذ رہا ، جمہوریت کیلئے جتنی بھی بڑی قربانی دی گئیں ہیں وہ پیپلزپارٹی نے ہی دی ہے ، ماضی میں ہم نے جیلیں کاٹیں اب عدالتوں کا سامنا کررہے ہیں ۔ سابق وزیر اعظم نے کہا کہ مسلم لیگ نون وعدے کے مطابق عوام کی بہتری کیلئے نئی پالیسی لے کر آئیں پیپلزپارٹی ان کے راستے میں رکاوٹ نہیں بنے گی ۔

انہوں نے کہا کہ تھر کی صورتحال پر افسوس ہے اور سندھ حکومت تھر کی صورتحال پر فوری اقدامات کرے اور ذمہ داران کے خلاف کارو ا ئی بھی کرے ۔سید یوسف رضا گیلانی نے کہا کہ ڈالر کی قیمت میں کمی ملک و قوم کے فائدے میں ہے لیکن ڈالر کی قیمت میں استحکام بھی بے حد ضروری ہے ، وفاقی وزیر خزانہ سے گذارش ہے کہ ڈالر کی قیمت میں استحکام لائیں تاکہ ڈالر کی قیمت میں اتار چڑھاؤ نہ رہے ۔

انہوں نے کہا کہ انکے پاس بھی مختلف یونیورسٹیوں کی ڈاکٹر کی اعزازی ڈگری ہے تاہم ملک میں جعلی ڈگریاں اتنی ہیں کہ اپنی ڈگری سامنے لانا منا سب نہیں لگتا ۔انہوں نے کہا کہ سپریم کورٹ کا سابق صدر کے خلاف مقدمات کھولنے کا فیصلہ پارلیمنٹ اور اسپیکر کی رو لنگ کے خلاف تھا اسی لیئے سپریم کورٹ کا فیصلے ماننے سے انکار کیا جس پر فخر ہے کیونکہ آئین کی پاسداری سب سے ضروری ہے ۔

انہوں نے کہا کہ جس پار لیمنٹ کے فیصلوں کی کوئی اہمیت نہ ہو اس پارلیمنٹ میں بیٹھ نہیں سکتا ۔یوسف رضا گیلانی نے کہا کہ تھر کی صورتحال ایک قدرتی آفت بھی ہے جس میں ایکدوسرے پر الزام تراشیوں کے بجائے پوری قوم کو متحد ہوکر اس کا مقابلہ کرنا چاہئے جس طرح ماضی میں آنے والے سیلاب کا پوری قوم نے ملکر مقابلہ کیا تھا ۔انہوں نے کہا کہ سیکورٹی کا مسئلہ صرف کراچی کا نہیں بلکہ اٹھارہ کروڑ عوام کا ہے ، کراچی میں قیام امن بے حد ضروری ہے ، حکومت طالبان مذکرات اگر کامیاب ہوئے تو کراچی سمیت پورے ملک میں امن قائم ہوگا۔

انہوں نے کہا کہ جس طرح میں اپنے بیٹے کی بازیابی کیلئے طالبان کے سامنے بے بس ہوں اسی طرح حکومت بھی طالبان کے سامنے بے بس ہے ۔ سابق وزیراعظم نے کہا کہ انہوں نے اپنے دور میں افغان رفیوجیز کو واپس ان کے ملک بھیجنے کی کوشش کی اور پاک افغان سرحد کو سیل کیا اس سے قبل پاک افغان سرحد پر آنے جانے والوں کا علم ہی نہیں ہوتا تھا کہ وہ ٹورسٹ یا ٹیررسٹ ۔