حکومت کی دانشمندانہ پالیسیوں کی وجہ سے ملک کی معیشت تیزی سے بہتر ہو رہی ہے، پرویز رشید، ملک کی اقتصادی صورتحال درست سمت پر گامزن ہے جس کے نتیجے میں عوام کی زندگی میں خوشحالی آئے گی ، وزیراعظم کے ویژن اور وزیر خزانہ کی انتھک محنت کے ٹھوس نتائج برآمد ہوئے ہیں،حکومت نے درپیش چیلنجز سے نمٹنے اور اقتصادی ترقی کیلئے ڈھانچہ جاتی اصلاحات متعارف کرائی ہیں،بیان

ہفتہ 15 مارچ 2014 07:26

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔15مارچ۔2014ء ) وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات سینیٹر پرویز رشید نے کہا ہے کہ حکومت کی دانشمندانہ پالیسیوں کی وجہ سے ملک کی معیشت تیزی سے بہتر ہو رہی ہیں۔ اس امرکا اظہار انہوں نے جمعہ کے روز اپنے ایک بیا ن میں کیا ۔ پرویز رشید نے کہا کہ پاکستان کی معیشت درست سمت پر گامزن ہے اور تمام معاشی اشاریے مثبت رجحان کے عکاس ہیں۔

انہوں نے کہا کہ وزیراعظم محمد نواز شریف کے وڑن اور وزیر خزانہ سینیٹر اسحاق ڈار کی انتھک محنت کی بدولت ہم تمام شعبوں میں آل رانڈر بہترکارکردگی دکھانے کے قابل ہوگئے ہیں جس کے ملک کے اندر ٹھوس نتائج برآمد ہوئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان مسلم لیگ (ن) کی حکومت کی گڈگورننس‘ شفافیت‘ دیانتداری اور بچت کے اقدامات کے باعث ملک میں سرمایہ کاری کے فروغ کیلئے بین الاقوامی برادری کا ہم پر اعتماد بڑھا ہے بلکہ اس سے ہم استحکام‘ خوشحالی اور ترقی کے راستے پر گامزن ہوئے ہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ اقتدار میں آنے کے بعد مسلم لیگ (ن) کی حکومت نے اپنے منشور کے مطابق درپیش چیلنجز سے نمٹنے اور اقتصادی ترقی کیلئے ڈھانچہ جاتی اصلاحات متعارف کرائی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اللہ کا شکر ہے کہ تمام معاشی اشاریے مثبت ہیں‘ اقتصادی شرح نمو میں بہتری اور مہنگائی میں کمی آ رہی ہے‘ زرمبادلہ کے ذخائر بڑھ رہے ہیں اور روپے کی قدر میں اضافہ ہو رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ملک کی اقتصادی صورتحال درست سمت پر گامزن ہے جس کے نتیجے میں عوام کی زندگی میں خوشحالی آئے گی ۔انہوں نے کہا کہ روپے کی قدر بہتر ہورہی ہے سٹاک ایکسچینج اور محصولات کی وصولی اور برآمدات میں اضافہ کارجحان بڑھ رہا ہے، حکومت کی اقتصادی اصلاحات سے صورتحال بہتر ہوئی ہے

متعلقہ عنوان :