ڈیانا نے شہزادہ چارلز اور شاہی محل کے راز افشاء کیے،شاہی محل کے سابق مقرب خاص نے عدالت کے سامنے بھانڈہ پھوڑ دیا

ہفتہ 15 مارچ 2014 07:18

لندن(اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔15مارچ۔2014ء )عالمی اخبارات کی شہ سرخیوں کا موضوع رہنے والی برطانوی شہزادی لیڈی ڈیانا کی سڑک کے ایک حادثے میں موت کے کئی سال بعد انکشاف ہوا ہے کہ انہوں نے شہزادہ چارلز سے طلاق کی رنجش میں اپنے سابقہ شوہر اور شاہی محل کے اہم راز افشاء کیے تھے۔ یہ انکشاف لندن کی ایک عدالت میں شاہی رازوں کے افشاء سے متعلق جاری ایک مقدمہ کی سماعت کے دوران محل کے ایک سابق مقرب خاص نے کیا۔

العربیہ ٹی وی کے مطابق شاہی خاندان کے ایک سابق مقرب خاص کلائف جوڈمین نے عدالت کو بتایا کہ اس نے لیڈی ڈیانا کے حکم پر شاہی محل کے راز اور اہم شخصیات کے فون نمبر افشاء کیے تھے۔ کلائف کے بہ قول: "شہزادی ڈیانا نے سنہ 1992ء میں اس کی مدد سے شہزادہ چارلس سے طلاق کے بعد شاہی محل کے کئی اہم راز اخبار"نیوز آف دی ورلڈ" میں شائع کرائے تھے۔

(جاری ہے)

کلائف نے بتایا کہ شہزادی ڈیانا نے شاہی محل سے حساس معلومات کی حامل گرین بک (ڈائری) چوری کر کے اس کے دفتر پہنچائی. اس ڈائری میں اہم حکومتی شخصیات کے فون نمبروں کے علاوہ کی جانے کالز کی تفصیلات اور مختلف عہدیداروں کے درمیان ہونے والی گفتگو بھی درج تھی۔اخبار "ہوفینگٹن پوسٹ" کے مطابق سابق شاہی منشی نے مزید انکشاف کیا ہے کہ آنجہانی لیڈی ڈیانا طلاق کے بعد ایک ایسے طاقتور حلیف کی تلاش میں تھیں جو ان کے سابق شوہر کے خلاف علاحدگی پر غم وغصے کا اظہار کی صلاحیت رکھتا ہو۔

کلائف نے بتایا کہ لیڈی ڈینا نے علاحدگی کے بعد کچھ وقت نہایت مشکل میں گذارا۔کلائف نے کہا کہ شہزادی ڈیانا نے مجھے بتایا کہ وہ شاہی محل میں اسٹاف کا حجم کم دکھانا چاہتی تھیں۔ شہزادی شاہی محل کے ملازمین کے غیر معمولی حجم سے بہت تنگ تھیں۔ نیز شہزادی کے صحافیوں کے ساتھ اچھے تعلقات تھے جسے انہوں نے طلاق کے بعد شاہی محل کے خلاف استعمال کیا تھا۔

جوڈمین نے بتایا کہ میں نے شاہی محل کے ملازمین کے فون نمبر چھپا لیے لیے تھے۔ "گرین بک" کے عوض شہزادی سے میں نے کوئی رقم وصول نہیں کی۔عدالت کے جج کے روبرو بیان دیتے ہوئے کلائف جوڈمین نے رشوت وصول کرنے کے دو الزامات مسترد کر دیے۔ اس نے کہا کہ میرے شاہی محل سے تعلقات ضرورت تھے مگر میں نیاپنے منصب کا غلط استعمال نہیں کیا۔خیال رہے کہ شہزادی ڈیانا کی شہزادہ چارلز کے ساتھ شادی کے گیارہ سال بعد سنہ 1996ء میں طلاق ہو گئی تھی۔

طلاق کے ایک برس بعد شہزادی پیرس میں ایک ٹریفک حادثے میں انتقال کر گئی تھیں۔لیڈی ڈیانا کی جانب سے چوری کے ذریعے افشائے راز میں ملوث اخبار"نیوز آف دا ورلڈ" پر سنہ 2011ء میں پابندی عائد کر دی گئی تھی۔ شاہی محل کے اہم راز افشاء ہونے کے بعد برطانوی سیاسی اور ابلاغی حلقوں میں ایک ہلچل پیدا ہو گئی تھی اور برطانیہ کی ایک عدالت میں شاہی محل کے حساس راز افشاء کرنے کی تحقیقات کے لیے ایک مقدمہ بھی قائم کیا گیا تھا۔برطانوی تاریخ میں اسے سب سے بڑی جاسوسی قرار دیا جاتا ہے کیونکہ"گرین بک" میں درج شدہ کئی اہم حکومتی، سیاسی اور عسکری قائدین کے فون نمبر درج اور فون کالز کی تفصیلات درج تھیں۔ یہ فون نمبر منظر عام پر آنے کے بعد ان کی جاسوسی بھی کی جاتی رہی۔