شامی وزیر خارجہ بیروت کے امریکی ہسپتال میں داخل،شریانوں کی بندش کے باعث اوپن ہارٹ سرجری کا امکان

ہفتہ 15 مارچ 2014 07:19

بیروت (اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔15مارچ۔2014ء )شام کے وزیر خارجہ ولید المعلم کو طبیعت کی خرابی کے باعث لبنان کے دارالحکومت بیروت کے امریکی ہسپتال میں داخل ہونا پڑا ہے۔ بتایا گیا ہے کہ انہیں شریان میں خون بلاک ہونے کے شبہے کی وجہ سے جمعرات کی شام کو داخل کرایا گیا تھا۔غیرملکی خبر رساں ادارے کے مطابق 73 سالہ ولید المعلم کو بیروت میں امیریکن یونیورسٹی ہسپتال میں انتہائی سکیورٹی کے ماحول میں رکھا گیا ہے۔

(جاری ہے)

ولید المعلم جنہوں نے جنیوا ٹو میں ہونے والے طویل دورانیے کے مذاکرات میں بشار رجیم کی قیادت کی تھی. ان کی اس بیماری کے حوالے سے طبی ذرائع نے بتایا ہے کہ زیادہ امکان ہے کہ دل کی شریانوں کی بندش کی وجہ سے ان کی اوپن ہارٹ سرجری ہو گی۔لبنان میں شامی سفیر علی عبدالکریم نے علیل وزیر خارجہ کی ہسپتال جا کر تیمارداری کی ہے۔ لبنان کے وزیر خزانہ علی حسن، نے بھی ان کی مزاج پرسی کی ہے۔ واضح رہے ولید المعلم 1990 سے 2000 تک امریکا میں شام کے سفیر رہ چکے ہیں ، جبکہ 2006 سے بطور وزیر خارجہ ذمہ داریاں نبھا رہے ہیں۔