یورو ملین، برطانوی شہری نے دس کروڑ پاوٴنڈ جیت لیے

اتوار 16 مارچ 2014 07:18

لندن(اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔16مارچ۔2014ء)یورپ بھر میں ہر ہفتے کھیلی جانی والی مشہور لاٹری ’یوروملین‘ کا دس کروڑ پاوٴنڈ سے زیادہ مالیت کا انعام ایک برطانوی کے حصے میں آیا ہے۔برطانوی نشریاتی ادارے کے مطابق یورو ملین کی قرعہ اندازی ہر جمعے کی رات ہوتی ہے، اور اس ہفتے کا ایک سو سات اعشاریہ نو ملین پاوٴنڈ کا جیک پاٹ برطانیہ میں فروخت ہونے والے ایک ٹکٹ کے حصے میں آیا ہے۔

یہ برطانیہ میں لاٹری کی تاریخ کا چوتھا بڑا جیک پاٹ ہے۔جمعے کی رات کو ہونے والی قرعہ اندازی میں کامیاب ہونے والے نمب 6، 24، 25، 27 اور 30 تھے جبکہ لکی سٹار نمبر 5 اور 9 تھے۔یوروملین کے منتظمین نے تصدیق کی ہے کہ برطانیہ میں ایک شخص نے انھیں بتایا ہے کہ کامیاب قرار دیے جانے والے نمبر والا ٹکٹ اس کے پاس ہے، تاہم منتظمین نے جیتنے والے کے کوئی کوائف نہیں بتائے۔

(جاری ہے)

پیر کو جب بینک کھلیں گے تو ضروری تصدیق کے بعد تقریباً دس کروڑ 80 لاکھ پاوٴنڈ کی رقم جیتنے والے کے اکاوٴنٹ میں منتقل کر دی جائے گی۔جب تک لاٹری جیتنے والا شخص اپنا نام پتہ بتانے کی اجازت نہ دے، اس وقت تک یہ ایک راز ہی رہے گا کہ جیتنے والا کوئی مرد ہے یا عورت، اس نے یہ ٹکٹ اکیلے خریدا تھا یا وہ کسی گروپ کا حصہ تھا جس نے اپنے جیتنے کے امکانات زیادہ کرنے کی غرض سے بہت سے ٹکٹ خریدے ہوئے تھے۔

جیتنے والے کی مرضی کے بغیر ہمیں یہ بھی معلوم نہیں ہو سکے گا کہ وہ شخص برطانیہ میں رہتا کہاں ہے اور اس نے ٹکٹ کہاں سے خریدا تھا۔برطانیہ میں لاٹری کے ادارے نیشنل لاٹری کے ترجمان کا کہنا تھا کہ ’ہم بہت خوش ہیں کہ جمعے کا جیک پاٹ کسی نے جیت لیا ہے اور ہمیں بتایا ہے کہ جیتنے والا ٹکٹ اس کے پاس ہے۔یورو ملین کا آغاز سنہ 2004 میں ہوا تھا اور اب تک برطانیہ میں ٹکٹ خریدنے والے افراد مجموعی طور پر چار ارب پاوٴنڈ جیت چکے ہیں۔