وزیر اعلیٰ بلوچستان کا صارفین کے حقوق کے تحفظ کیلئے صارف عدالت قائم کرنے کا اعلان،صارفین میں اپنے حقوق کے شعور کو فروغ دینے کی ضرورت پر زور

اتوار 16 مارچ 2014 07:15

کوئٹہ(اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔16مارچ۔2014ء )وزیر اعلیٰ بلوچستان ڈاکٹر عبدالمالک بلوچ نے صارفین کے حقوق کے تحفظ کیلئے صارف عدالت قائم کرنے کا اعلان کرتے ہوئے صارفین میں اپنے حقوق کے شعور کو فروغ دینے کی ضرورت پر زور دیا ہے وہ ہفتہ کے روز عالمی یوم صارفین کے موقع پر پامیرکنزیومر سوسائٹی کوئٹہ کے زیر اہتمام سیمینار سے خطاب کر رہے تھے، وزیر اعلیٰ نے کہا کہ بلوچستان میں صارفین کے حقوق کا قانون موجود ہے، اس پر عملدرامد کیا جائے گا اور اس کے آغاز کیلئے صارف عدالت بنائی جا رہی ہے لیکن کسی بھی شعبے میں ادارے بنا دینا کافی نہیں لوگوں میں حقوق اور فرائض کے حوالے سے شعور کو فروغ دینے کی ضرورت ہے، انہوں نے معاشرے میں موجود بے حسی کو تشویشناک قرار دیتے ہوئے کہا کہ آج بیگانگی کا رحجان اتنا عام ہو گیا ہے، کہ دہشت گردی کی ہولناک وارداتوں پر بھی معاشرے کے تمام حصے فعال ردعمل کا اظہار کرنے سے گریزاں نظر آتے ہیں، وزیر اعلیٰ نے کہا کہ اس صورتحال کو تبدیل کرنے اور معاشرے کو بیدار، فعال اور متحرک کرنے کے لیے سول سوسائٹی کی تنظیموں اور خاص طور سے سیاسی جماعتوں کو آگے بڑھ کر کردار ادا کرنا ہوگا، انہوں نے کہا کہ معاشرے میں تبدیلی کا عمل چند شخصیات یا گروہوں کا مرہون منت نہیں ہوتااس کے لیے عوام کو تمام اہم معاملات میں دلچسپی کا مظاہرہ کرنا ہوگا اور غلطیوں اور خامیوں کی جرات کے ساتھ نشاندہی کرنی ہوگی، وزیر اعلیٰ نے کہا کہ معاشرے میں عدم برداشت اور عدم رواداری جیسے مسائل تشویشناک حد تک بڑھ گئے ہیں ان سب کے حل کے لیے عوام کو ملکر اپنا کردار ادا کرنا ہوگا، انہوں نے سیاسی کارکنوں پر زور دیا کہ وہ عوامی سطح پر شعور کو اجاگر کرنے میں اپنا تاریخی کردار ادا کریں، قبل ازیں کنزیومر سوسائٹی کوئٹہ کے چیف کو آرڈینیٹر نذر محمد بڑیچ نے گذشتہ چار سال کے دوران سوسائٹی کی کارکردگی پر روشنی ڈالی اور مطالبہ کیا کہ صارفین کے حقوق کے تحفظ کے لیے قانون کو فعال کیا جائے اور صارف عدالت قائم کی جائے، پروفیسر رحیم چنگیزی نے صارف کی تعریف صارفین کے حقوق اور مسائل پر روشنی ڈالی۔

متعلقہ عنوان :