ڈالرکی قیمت میں استحکام کی گارنٹی نہیں دے سکتا،اسحاق ڈار،آنے والے دنوں میں پٹرولیم کی قیمتوں میں کمی کاامکان ہے ،اپوزیشن ارکان جان بوجھ کرناامیدی پھیلارہے ہیں،نجی ٹی وی سے گفتگو

پیر 17 مارچ 2014 07:39

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔17مارچ۔2014ء)وفاقی وزیرخزانہ اسحاق ڈارنے کہاہے کہ ڈالرکی قیمت میں استحکام کی گارنٹی نہیں دے سکتا،آنے والے دنوں میں پٹرولیم کی قیمتوں میں کمی کاامکان ہے ،اپوزیشن ارکان جان بوجھ کرناامیدی پھیلارہے ہیں ۔نجی ٹی وی کے پروگرام میں گفتگوکرتے ہوئے انہوں نے کہاکہ شیخ رشیدکوغلط فہمی ہوئی ہے کہ ڈالرکی قیمت ساڑھے 97روپے تک بھی گئی ہے ،شیخ صاحب کوجن باتوں کاپتہ نہیں اس میں نہ ہی الجھیں ۔

انہوں نے کہاکہ شیخ رشیدہماری پرفارمنس کی وجہ سے گھبراگئے ہیں اوراپوزیشن ارکان جان بوجھ کرناامیدی پھیلارہے ہیں ،ڈالرآتادیکھ کرلوگ بہکی بہکی باتیں کررہے ہیں ۔انہوں نے کہاکہ ڈالرکی قیمت حکومت کی کارکردگی کی وجہ سے گری ہے میں یہ گارنٹی نہیں دے سکتاکہ ڈالرکی قیمت کتنے عرصے تک مستحکم رہے گی ،تاہم استحکام ضروررہے گا،آنے والے دنوں میں پٹرولیم کی قیمتوں میں کمی کاامکان ہے ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہاکہ اس وقت بین الاقوامی مارکیٹ کے وفودسے کئی ملاقاتیں ہوچکی ہیں ۔انہوں نے کہاکہ جب ہم آئے توپی آئی اے کاسب سے بڑانقصان ہورہاتھااوردیگرادارے بھی خسارے میں تھے اس وقت خسارے میں چلنے والے کئی ادارے آج ٹیکس دے رہے ہیں ہم نے اداروں کی نجکاری کی بات کی ہے لیکن نجکاری کرنے میں غلطیاں نہیں کریں گے ۔انہوں نے کہاکہ سابق دورمیں بڑی تعدادمیں غیرقانونی بھرتیاں کی گئیں مسلم لیگ ن کسی قیمت پرشفافیت اورگڈگورننس پرسودے بازی نہیں کریگی۔

متعلقہ عنوان :