اطالوی وزیر اعظم کا ’یورپ میں تبدیلی‘ لانے کا عہد، نئی حکومت یورپ میں بے روزگاری کی شرح کم اور اقتصادی نمو میں بہتری پر خصوصی توجہ مرکوز کرے گی، ماتیو رینزی

پیر 17 مارچ 2014 07:28

روم(اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔17مارچ۔2014ء)اطالوی وزیر اعظم ماتیو رینزی نے عہد کیا ہے کہ ان کی نئی حکومت یورپ میں بے روزگاری کی شرح کم کرنے اور اقتصادی نمو میں بہتری پر خصوصی توجہ مرکوز کرے گی۔ گزشتہ ماہ وزارت عظمیٰ کا منصب سنبھالنے والے رینزی آج کل مختلف یورپی ملکوں کے دورے پر ہیں۔ اپنے پہلے دورہ یورپ کے دوران اطالوی وزیر اعظم ماتیو رینزی آج پیر کے روز جرمنی پہنچ رہے ہیں، جہاں وہ برلن میں چانسلرانگیلا میرکل سے ملاقات کریں گے۔

اس ملاقات میں متوقع طور پر دونوں رہنما باہمی دلچسپی کے امور کے علاوہ یورپ کو درپیش مسائل پرتبادلہ خیال کریں گے۔ مبصرین کے مطابق اس دوران رینزی کی کوشش ہو گی کہ وہ اپنی پالیسیوں کے لیے برلن حکومت کی حمایت حاصل کرنے میں کامیاب ہو سکیں۔

(جاری ہے)

قبل ازیں بروز ہفتہ رینزی نے پیرس میں فرانسیسی صدر فرانسوا اولانڈ سے ملاقات کی۔ اولانڈ سے ملاقات کے بعد رینزی نے کہا کہ فرانس اور اٹلی مل کر ’یورپ کو تبدیل‘ کرنے کے لیے کام کریں گے اور مئی میں منعقد ہونے والے آئندہ یورپی پارلیمانی انتخابات سے پہلے عوام کو قائل کریں گے کہ یہ براعظم ایک متحرک قوت ہے۔

رینزی نے کہا، ”نوجوان طبقے میں بے روزگاری کی شرح میں اضافہ ایک تشویشناک بات ہے۔“ انہوں نے عہد کیا کہ یورپی یونین کے نئے صدر ملک کی اولین ترجیح ہو گی کہ وہ اس شرح کو کم کرے۔ خیال رہے کہ اٹلی اس سال جولائی سے شمشاہی بنیادوں پر یورپی یونین کے صدر ملک کی ذمہ داریاں سنبھال لے گا۔ماتیو رینزی کی حکومت نے اعلان کیا ہے کہ وہ کم اجرتیں حاصل کرنے والے افراد کے لیے ٹیکس میں دس بلین یورو جبکہ کمپنیوں کے لیے 2.4 بلین یورو کی چھوٹ کا اہتمام کرے گی تاہم روم حکومت نے ابھی تک یہ تفصیلات جاری نہیں کیں کہ وہ یہ مشکل مرحلہ کس طرح سرانجام دے گی۔

اٹلی کے تاریخی شہر فلورنس کے سابق میئر ماتیو رینزی نے اٹلی کا کم عمر ترین وزیر اعظم بننے کا اعزاز حاصل کیا ہے۔ کئی سیاسی مبصرین کے مطابق انتالیس سالہ رینزی ملک کو درپیش سیاسی چیلنجز سے نمٹنے کے لیے قدرے نا تجربہ کار ہیں اور داخلی اور خارجی سطح پر پالیسی سازی میں انہیں مشکلات پیش آ سکتی ہیں۔ تاہم اقتدار سنبھالنے کے بعد سے انہوں نے سیاسی مستعدی دکھاتے ہوئے عوام کا اعتماد جیتنے کی بھرپور کوششیں شروع کر رکھی ہیں۔

متعلقہ عنوان :