پاکستان اسٹیل ملز کیلئے تشکیل نو کا منصوبہ تیار ، منظوری کیلئے ممکنہ طور پر رواں ماہ ای سی سی کو پیش کردیا جائیگا،پی ایس ایم کیلئے ورکنگ کیپٹل اور ملازمین کی تنخواہوں کیلئے تقریبا دس سے بارہ ارب روپے جاری کرنے کی تجویز

پیر 17 مارچ 2014 07:27

اسلام آباد( اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔17مارچ۔2014ء ) پاکستان اسٹیل ملز (پی ایس ایم ) کیلئے تشکیل نو کا منصوبہ تیار کرلیا گیا ہے جو منظوری کیلئے ممکنہ طور پر رواں ماہ مارچ کے دوران کابینہ کی اقتصادی رابطہ کمیٹی(ای سی سی ) کو پیش کردیا جائیگا ۔ پی ایس ایم کیلئے ورکنگ کیپٹل اور ملازمین کی تنخواہوں کیلئے تقریبا دس سے بارہ ارب روپے جاری کرنے کی تجویز پیش کی جائیگی۔

اس پیش رفت سے آگاہ ذرائع نے بتایا کہ مذکورہ منصوبے کو آئند ہ چند روز میں وفاقی وزیر خزانہ سینیٹر اسحاق ڈار حتمی شکل دیں گے ۔منصوبے پر وزیر اعظم کو بھی اعتماد میں لیا جائیگا اور بعد ازاں اس کو منظوری کیلئے ای سی سی کے اجلاس میں پیش کیا جائیگا ۔ذرائع کے مطابق ای سی سی کی منظوری کے بعد ری اسٹریکچرنگ پلان پر فوری طور پر عمل درآمد شروع کردیا جائیگا ۔

(جاری ہے)

مجوزہ تشکیل نو منصوبے کے تحت پاکستان اسٹیل ملز کیلئے ورکنگ کیپٹل اور ملازمین کی تنخواہوں کیلئے تقریبا دس سے بارہ ارب روپے جاری کرنے کی تجویز دی جائیگی جو سٹیل ملز کی کارکردگی بہتر کرنے کیلئے نہیں بلکہ صرف ورکنگ کیپٹل اور ملازمین کوباقاعدگی سے تنخواہوں کی ادائیگی کیلئے جاری کئے جائیں گے۔پاکستان اسٹیل ملز کے ایک سنیئر افسر نے بات چیت کرتے ہوئے بتایا کہ پی ایس ایم میں مجموعی طور پر تقریبا 16ہزار 200ملازمین کام کررہے ہیں جو گزشتہ تین ماہ سے تنخواہوں سے محروم ہیں ۔

انہوں نے بتایا کہ ماہ دسمبر2013 سے لیکر اب تک ملازمین کوتنخواہیں نہیں ملیں اور اس مد میں یہ رقم تقریبا چار ارب روپے بنتی ہے ۔انہوں نے مزید بتایا کہ پاکستان اسٹیل ملز جنوری میں پانچ فیصد ،فروری میں چھ فیصد اور اب بھی پانچ سے چھ فیصد کی صلاحیت پرچل رہی ہے اوراس کی استعدادی صلاحیت بڑھانے کیلئے خام مال کی ضرورت ہے ۔

متعلقہ عنوان :